کینیڈا کا ٹی 20 کرکٹ ورلڈ کپ کیلئے 15 رکنی سکواڈ کا اعلان کردیا

جمعرات 2 مئی 2024 21:02

کینیڈا کا ٹی 20 کرکٹ ورلڈ کپ کیلئے 15 رکنی سکواڈ کا اعلان کردیا
اوٹاوہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2024ء) کینیڈا نے ٹی 20 ورلڈ کپ 2024ء کیلئے 15 رکنی سکواڈ کا اعلان کردیا، سعد بن ظفر سکواڈ کی قیادت کے فرائض سرانجام دیں گے، 37 سالہ فاسٹ بائولر جیرمی گورڈن اور نوجوان بلے باز کنورپال تاتھگر کو سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ آئندہ ماہ ویسٹ انڈیز اور امریکہ کی مشترکہ میزبانی میں شروع ہونے والے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کیلئے کینیڈین سکواڈ میں جگہ بنانے والے نوجوان بیٹر کنورپال نے اب تک صرف 8 لسٹ اے میچز کھیلے ہیں، اسی طرح گیانا میں پیدا ہونے والے جیرمی گورڈن ، 39 سالہ آل رائونڈر جنید صدیقی ، لیفٹ آرم فاسٹ بائولر کلیم ثنا، بلے باز رویندرپال سنگھ کو بھی سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

گزشتہ ماہ امریکہ کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کھیلنے والے سری مانتھا، ادھے بھگوان، نکھل دتہ اور یوراج سامرا سکواڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب نہ ہو سکے۔

(جاری ہے)

یہ پہلی مرتبہ ہے کہ کینیڈین ٹیم ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں حصہ لے رہی ہے۔ کینیڈا کا میگا ایونٹ میں پہلا مقابلہ امریکہ کے خلاف ڈیلاس میں ہوگا جبکہ اس کے گروپ کی دیگر ٹیموں میں پاکستان، بھارت اور آئرلینڈ شامل ہیں۔

ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے لئے کینڈین سکواڈ میں کپتان سعد بن ظفر، ایرون جونسن، ڈلن ہیلیگر، دلپریس باجوہ، ہارش ٹھاکر، جیرمی گورڈن، جنید صدیقی، کلیم ثنا، وکٹ کیپر کنورپال، نونیت دھلیوال، نکولس کرٹن، پرگات سنگھ، رویندرپال سنگھ، ریان خان پٹھان اور شریاس مووا شامل ہیں۔ تیجندر سنگھ، ادیتا واردھرجن ، عمار خالد، جتیندر متھارو اور پراوین کمار ٹریولنگ ریزوز میں شامل ہیں۔
وقت اشاعت : 02/05/2024 - 21:02:59