دھونی کرکٹ کے بھگوان بن چکے ہیں،ایک دن سڑک پر آجائیں گے:یوگراج سنگھ

منگل 7 اپریل 2015 21:38

دھونی کرکٹ کے بھگوان بن چکے ہیں،ایک دن سڑک پر آجائیں گے:یوگراج سنگھ

نئی دہلی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار7اپریل ۔2015ء ) بھارتی کرکٹر یوراج سنگھ کے والد یوگراج سنگھ کا ہندوستانی ٹیم کے کپتان مہندرا سنگھ دھونی کے خلاف غصہ کم ہونے کا نام نہیں لے رہا اور اب تو انہوں نے دھونی کو رامائن کا راون تک قرار دے دیا ہے۔


ایک بھارتی نیو ز چینل سے بات کرتے ہوئے یوگراج سنگھ کا کہنا تھا کہ دھونی میڈیا کے باعث کرکٹ کے بھگوان بن چکے ہیں، میڈیا نے انہیں عظیم کھلاڑی کا تاج پہنا دیا ہے لیکن وہ ہرگز اس کے مستحق نہیں تھے،ایک وقت تھا جب ان کے پاس کچھ نہیں تھا لیکن آج میڈیا کے سامنے بیٹھ کر انکا مذاق اڑاتے ہیں، وہ اس میڈیا پر ہنستے ہیں جس نے انہیں شہرت دی اور اس عوام پر ہنستے ہیں جو انکے رنز پر تالیاں بجاتے ہیں،اگر وہ میڈیا کے نمائندے تو انہیں ایک تھپڑ مار دیتے ۔

(جاری ہے)

یوراج کے والد یوگراج سنگھ نے ایم ایس ھونی کو ہندوؤں کی مقد س کتاب رامائن کے راون سے ملاتے ہوئے کہا کہ ان میں بہت تکبر آگیا ہے، جیسے راون کا غرور خاک میں ملا تھا، اسی طرح دھونی بھی ایک دن پچھتائیں گے۔ ورلڈ کپ 2015ء کے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کے خلاف چھٹے نمبر پر بیٹنگ کر نے کے لیے آنے پر یوگراج کا کہنا تھا کہ 2011 ء کے فائنل میں یوراج کو نمبر چار پر بیٹنگ کرنا تھی لیکن دھونی نے انکی جگہ جاکر میچ جیتا اور ہیرو بن گئے، اگر وہ خود کو عظیم تصور کرتے ہیں تو انہیں دوبارہ نمبر 4پر آکر ہندوستان کومیچ جتوانا چاہیئے تھا۔

یوراج کے والد نے مزید کہا کہ ایک دن آئیگا کہ جب دھونی کنگلے ہو کر بھیک مانگنے پر مجبور ہوں گے لیکن کوئی انہیں نہیں پوچھے گا۔

دوسری جانب یوراج سنگھ اپنے والد کے بیانات پر لاتعلقی کا اظہار کر رہے ہیں ، اپنے ٹوئٹرپیغام میں انکا کہا تھا کہ میڈیا پر جاری ہونے والے بیانات سے انکا کوئی تعلق نہیں ہے،انہیں نے دھونی کیساتھ کھیل کر ہمیشہ مزا آیا ہے اور انکی دھونی سے کوئی لڑائی نہیں ہے ۔


ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ دھونی سے مل کر انہیں بیٹی کا باپ بننے پر مبار ک باد پیش کر نا چاہتے ہیں۔


یاد رہے کہ ورلڈ کپ 2011 کے مین آف دی ٹورنامنٹ یوراج سنگھ سمیت 5 سینئر کھلاڑیوں پربھجن سنگھ، گوتم گمبھیر، وریندر سہواگ اور ظہیر خان کو ورلڈ کپ 2015 ء کے سکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا تھا اور سابق عالمی چیمپئن بھارتی ٹیم 2015 ء ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کھا کر ایونٹ سے باہر ہو گئی تھی۔

وقت اشاعت : 07/04/2015 - 21:38:36

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :