بابر اعظم ایک ہی اوور میں 4 چھکے لگانے کا اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب

ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی 19 سالہ تاریخ میں صرف 3 پاکستانی یہ کارنامہ انجام دے سکے

muhammad ali محمد علی بدھ 15 مئی 2024 00:51

بابر اعظم ایک ہی اوور میں 4 چھکے لگانے کا اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب
ڈبلن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 14 مئی 2024ء ) بابر اعظم ایک ہی اوور میں 4 چھکے لگانے کا اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب، ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی 19 سالہ تاریخ میں صرف 3 پاکستانی یہ کارنامہ انجام دے سکے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے آئرلینڈ کیخلاف سیریز کے آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں ایک شاندار ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔ منگل کے روز کھیلے گئے میچ کے دوران بابر اعظم نے آئرلینڈ کے بین وائٹ کو ایک ہی اوور میں 4 چھکے جڑ دیے۔

بابر اعظم نے مسلسل 3 چھکے لگانے کے بعد ایک ڈاٹ بال کھیلی اور پھر پانچویں گیند پر دوبارہ چھکا جڑ دیا۔ یوں وہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ کی 19 سالہ تاریخ میں پاکستان کی جانب سے ایک اوور میں 4 چھکے لگانے والے تیسرے قومی کرکٹر بن گئے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل آصف علی اور خوشدل شاہ بھی یہ اعزاز اپنے نام کر چکے۔ اسی میچ میں بابر اعظم نے ایک اور شاندار اعزاز بھی اپنے نام کر لیا۔

پاکستان کے وائٹ بال کے کپتان بابر اعظم نے کلونٹرف کرکٹ کلب، ڈبلن میں آئرلینڈ کے خلاف میچ کے دوران ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ 50 پلس سکور بنانے کا ہندوستان کے ویرات کوہلی کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ 29 سالہ بابر اعظم نے اب 110 اننگز کھیل کر 39 مرتبہ 50 سے زیادہ رنز بنائے ہیں۔ ٹی ٹونٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ 50+ سکور بنانے والے کھلاڑیوں میں روہت شرما 143 اننگز میں 34 ففٹیز سکور کرکے دوسرے، محمد رضوان 81 اننگز میں 27 نصف سنچریاں بنا کر تیسرے جب کہ ڈیوڈ وارنر 103 اننگز میں 27 ففٹیز بنا کر چوتھے نمبر پر ہیں ۔

بابر اعظم کو حال ہی میں پاکستان کے وائٹ بال کپتان کے طور پر دوبارہ مقرر کیا گیا تھا اور وہ آئرلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ سیریز میں گرین شرٹس کی قیادت کر رہے تھے۔ انہوں نے اب آسٹریلیا کے سابق کپتان ایرون فنچ کا ریکارڈ توڑتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں بطور کپتان سب سے زیادہ میچ کھیلے ہیں۔
وقت اشاعت : 15/05/2024 - 00:51:54