کگیسو رابادا انجری کے باعث آئی پی ایل ادھوری چھوڑ کر وطن لوٹ ہوگئے

بدھ 15 مئی 2024 23:22

جوہانسبرگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2024ء) جنوبی افریقی فاسٹ بائولر کگیسو رابادا انجری کے باعث آئی پی ایل ادھوری چھوڑ کر وطن لوٹ ہوگئے، توقع ہے کہ وہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے لئے دستیاب ہوں گے۔ فاسٹ بائولر نے آئی پی ایل میں پنجاب کنگز کی طرف سے 11 میچوں میں 11 وکٹیں حاصل کیں جبکہ فٹنس مسائل کے باعث وہ فرنچائز کی طرف سے اپنے آخری دو میچوں میں حصہ نہیں لیں گے، چونکہ پنجاب کنگز پلے آف مرحلے سے پہلے ہی باہر ہو چکی ہے اس لئے رابادا کو جنوبی افریقہ واپسی کی اجازت دی گئی ہے جہاں وہ سپیشلسٹ سے اپنا معائنہ کروائیں گے۔

کرکٹ جنوبی افریقہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ میڈیکل ٹیم کی طرف سے ان کی باریک بینی سے نگرانی کی گئی۔ ربادا کی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں شمولیت جنوبی افریقہ کے لئے خاص طور پر اہم ہے کیونکہ وہ 15 رکنی عارضی سکواڈ میں شامل واحد سیاہ فام افریقی کھلاڑی ہیں۔

(جاری ہے)

کرکٹ جنوبی افریقہ کو قومی ٹیم کو اہداف کے مطابق میدان میں اتارنا ہوتا ہے، اوسطا ایک سیزن کے دوران ہر پلیئنگ الیون میں کم از کم دو سیاہ فام افریقی ہونے چاہئیں جبکہ جنوبی افریقہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں صرف ایک سیاہ فام افریقی کھلاڑی رابادا کے ساتھ میدان میں اترے گا۔ دوسرے سیاہ فام کھلاڑی لونگی نگیدی کو ریزرو کھلاڑیوں میں شامل کیا گیا ہے۔
وقت اشاعت : 15/05/2024 - 23:22:33