انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی کے لیے قومی ٹیم میں تین تبدیلیوں کا امکان

نسیم شاہ اور حارث رئوف کے ساتھ ٹاپ آرڈر بلے باز عثمان خان کو لائن اپ میں شامل کیا جا سکتا ہے، ذرائع

ہفتہ 18 مئی 2024 20:16

لیڈز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2024ء) انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی کے لیے قومی ٹیم میں تین تبدیلیوں کا امکان ہے، فاسٹ بولر نسیم شاہ اور حارث رئوف کے ساتھ ٹاپ آرڈر بلے باز عثمان خان کو لائن اپ میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق انگلینڈ کے خلاف 22 مئی بروز بدھ کو لیڈز میں ہونے والے پہلے ٹی ٹوئنٹی کے لیے پاکستان اپنی پلیئنگ الیون میں تین تبدیلیاں کر سکتا ہے۔

قومی ٹیم میں تین تبدیلیاں متوقع ہیں، فاسٹ بالرز نسیم شاہ اور حارث رئوف کے ساتھ ٹاپ آرڈر بلے باز عثمان خان کو لائن اپ میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔اوپنر صائم ایوب اور تیز گیند باز حسن علی جو حال ہی میں ڈبلن میں آئرلینڈ کے خلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی کا حصہ تھے کو ڈراپ کیا جا سکتا ہے۔حارث رئوف اور عثمان خان آئرلینڈ کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں شامل نہیں ہوئے، جسے پاکستان نے 2-1 سے جیتا تھا۔

(جاری ہے)

دریں اثنا ٹیم انتظامیہ شاداب خان یا ابرار احمد میں سے کسی ایک کے لیے ٹیم میں جگہ بنانے کے لیے ایک پیسر کو ڈراپ کرنے پر بھی غور کر رہی ہے۔پاکستان ممکنہ طور پر انگلینڈ کے خلاف سیریز کے دوران ورلڈ کپ کے امتزاج کو جانچنے کے لیے اپنی پوری طاقت کی ٹیم کو میدان میں اتارے گا۔حتمی فیصلہ ہیڈ کوچ گیری کرسٹن سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا، جو پاکستانی سکواڈ میں شامل ہونے والے ہیں۔پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان چار میچوں کی سیریز یکم جون سے امریکا اور ویسٹ انڈیز میں شروع ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 سے قبل دونوں ٹیموں کی آخری اسائنمنٹ ہوگی۔
وقت اشاعت : 18/05/2024 - 20:16:51