انگلینڈ سے ہارنے کے بعد شعیب ملک نے بیٹنگ آرڈر کو آڑے ہاتھوں لے لیا

یہ پی ایس ایل نہیں انٹرنیشنل کرکٹ ہے، کپتان کو بینچ پر موجود آپشنز کو سمجھداری سے استعمال کرنے کی ضرورت ہے : سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 27 مئی 2024 12:37

انگلینڈ سے ہارنے کے بعد شعیب ملک نے بیٹنگ آرڈر کو آڑے ہاتھوں لے لیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 27 مئی 2024ء ) انگلینڈ سے ٹی ٹونٹی میچ ہارنے پر سابق کپتان شعیب ملک نے قومی ٹیم کے بیٹنگ آرڈر کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔ اپنے بیان میں قومی بیٹرز پر تنقید کرتے ہوئے شعیب ملک نے کہا ہے کہ یہ پی ایس ایل نہیں یہ انٹرنیشنل کرکٹ ہے، ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سے پہلے سیریز ہے، بیٹنگ آرڈر میں فخر، رضوان، بابر اعظم اور پھر افتخار ہونے چاہئیں، چھٹے نمبر پر عماد اور شاداب کو کھلایا جائے۔

سابق کپتان شعیب ملک نے مزید کہا ہے کہ کپتان کو بینچ پر موجود آپشنز کو سمجھداری سے استعمال کرنے کی ضرورت ہے، کپتان کو چاہیے کہ وہ اعظم اور افتخار کو وقت اور کافی اوورز دیں، ان سے فورا 12،14 سکور کرنے کی توقع رکھنا ناانصافی ہے۔ واضح رہے کہ دوسرے ٹی 20 میں انگلینڈ نے پاکستان کو 23 رنز سے شکست دے دی۔

(جاری ہے)

برمنگھم میں کھیلے گئے ٹی 20 سیریز کے دوسرے میچ میں انگلینڈ کے 183 رنز کے جواب میں پاکستان کی ٹیم 19.2 اوورز میں 160 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان کے اوپنرز ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کرنے میں ناکام رہے، محمد رضوان صفر جبکہ صائم ایوب صرف 2 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔ فخر زمان نے 45 اور بابراعظم نے 32 رنز بنائے، افتخار 23 ، عماد وسیم 22 اور اعظم خان 11 رنز بناسکے۔ انگلینڈ کی طرف سے ریس ٹوپلی نے 3، معین علی اور جوفر آرچر نے 2، 2 ، کرس جورڈن ، عادل رشید اور لیام لیونگ اسٹون نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں پاکستان نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی، انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنائے۔ انگلش کپتان جوز بٹلر نے 84 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، ول جیکس 37، جونی بیرسٹو 21 اور فل سالٹ 13 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ پاکستان کی طرف سے شاہین آفریدی نے 3، عماد وسیم اور حارث رؤف نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
وقت اشاعت : 27/05/2024 - 12:37:03