خیبر پختونخواانڈر 23انٹرریجنل گیمز کاآغازبدھ سےحیات آباد سپورٹس کمپلکس میں ہوگا ،مشیر برائےکھیل سید فخرجہاں

پیر 27 مئی 2024 17:33

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2024ء) وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے مشیر برائے کھیل اور امور نوجوانان سید فخر جہان نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا انڈر 23 انٹر ریجنل گیمز 2024 کا آغاز 29مئی سے ہوگا۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ انٹر ریجنل گیمز کا انعقاد صوبائی حکومت کا کھیلوں کے فروغ کیلئے ایک اہم قدم ہے۔ان کھیلوں کے ذریعے باصلاحیت کھلاڑیوں کو سامنے آنے کا موقع ملے گا۔

خیبر پختونخوا انڈر 23انٹر ریجنل گیمز کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے مشیر کھیل کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت نے پہلے انٹر مدارس گیمز کا کامیابی سے انعقاد ممکن بنایا اور اب انڈر 23 گیمز منعقد کروائے جارہے ہیں جو صوبے میں کھیلوں کے فروغ کی جانب صوبائی حکومت کے مثبت سوچ کی عکاسی کرتاہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ ڈائریکٹوریٹ جنرل سپورٹس کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے ان گیمز کا افتتاح آئندہ بدھ کو حیات آباد سپورٹس کمپلیکس پشاور میں کیا جائے گا۔

مذکورہ گیمز 28 تا 30 مئی جاری رہیں گے جن میں صوبہ بھر کے کھلاڑی حصہ لیں گے۔ان گیمز میں صوبہ بھر کے انڈر 23 کھلاڑی شرکت کریں گے۔مجموعی طور پر کل 1848 مرد وخواتین کھلاڑی ان کھیلوں میں حصہ لیں گے جن میں 1078 مرد اور 770 خواتین کھلاڑی شامل ہیں۔اس طرح گیمز میں مردوں کے سکواش اور بیڈ منٹن کے مقابلے حیات آباد سپورٹس کمپلیکس میں ہونگے۔مردوں کےٹیبل ٹینس،والی بال،ہاکی اور تائیکوانڈو کے مقابلے پشاور سپورٹس کمپلیکس میں ہونگے۔

اسی طرح کرکٹ/ہارڈ بال اور کراٹوں کے مقابلے حیات آباد سپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہونگے جبکہ مردوں کے ایتھلیٹکس مقابلے کوہاٹ سپورٹس کمپلیکس اور تھرو بال پشاور یونیورسٹی میں ہونگے۔مردوں کے فٹ بال مقابلے تہماس خان فٹ بال سٹیڈیم پشاور میں ہونگے۔خیبر پختونخوا انڈر 23 انٹر ریجنل گیمز میں خواتین کے مقابلوں میں بیڈ منٹن،ٹیبل ٹینس،والی بال،جوڈو اور ہاکی کے مقابلے عبد الولی خان سپورٹس کمپلیکس چارسدہ میں ہونگے۔کرکٹ،ایتھلیٹکس اور تائیکوانڈو کے مقابلے بی آئی ایس ای پشاور کے مقام پر منعقد ہونگے۔خواتین سکواش کے مقابلے پشاور سپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوں گے۔
وقت اشاعت : 27/05/2024 - 17:33:41