میر پور ٹیسٹ،پاکستان نے پہلے دن 3وکٹوں پر323 رنز بنا لیے

بدھ 6 مئی 2015 16:13

میر پور ٹیسٹ،پاکستان نے پہلے دن 3وکٹوں پر323 رنز بنا لیے

میر پور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار6مئی۔2015ء) ڈھاکہ ٹیسٹ کے پہلے دن پاکستان نے بنگلہ دیش کے خلاف پہلے دن کے اختتام پر 3وکٹوں کے نقصان پر 323رنز بنا لیے ہیں۔ شیر بنگلہ نیشنل سٹیڈیم، میرپور میں کھیلے جارہے میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کر نے کی دعوت دی۔ پہلے ٹیسٹ میں کیریئر کی پہلی ڈبل سنچری بنانے والے محمد حفیظ اس میچ میں 8رنز بناکر محمد شاہد کی گیند پر مشفیق الرحیم کے ہاتھوں جکڑے گئے۔

نمبر 3بلے باز اظہر علی نے سمیع اسلم کے ساتھ مل کر تیسری وکٹ کی شراکت کے لیے 49رنز کی شراکت داری قائم کی۔ سمیع اسلم 19رنز بنا کر تائیج الاسلام کی گیند پر شہادت حسین کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ یونس خان اور اظہر علی نے بنگلہ دیشی باؤلرز کو دن میں تارے دکھانے شروع کیے اور وکٹوں کے چاروں جانب سکور کرتے ہوئے ٹیم کا سکور تیزی سے آگے بڑھانا شروع کیا۔

(جاری ہے)

اس دوران اظہر علی نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی 8ویں او ر یونس خان نے29ویں سنچری مکمل کی۔دونوں کھلاڑیوں نے شاندار کاکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیسری وکٹ کی شراکت میں 250رنز کا اضافہ کیا۔ یونس خان 148رنز بنا کر محمد شاہد کی گیند پر شواگاتا ہوم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ کپتان مصباح الحق او ر اظہر علی نے کھیل ختم ہونے تک پاکستان کو مزید کوئی وکٹ کھونے سے بچائے رکھا اور پاکستان نے دن کے اختتام پر 3وکٹوں کے نقصا ن پر 323رنز بنالیے۔ اظہر علی 127اور مصباح الحق 9رنز کے ساتھ کریزپر موجود ہیں۔ بنگلہ دیش کی جانب سے محمد شاہد نے 2 اور تائیج الاسلام نے 1کھلاڑی آؤٹ کیا۔

وقت اشاعت : 06/05/2015 - 16:13:58

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :