پاکستان کی دوسرے ٹی ٹونٹی میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد زمبابوے کو 2 وکٹوں سے شکست

اتوار 24 مئی 2015 23:07

پاکستان کی دوسرے ٹی ٹونٹی میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد زمبابوے کو 2 وکٹوں سے شکست

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24 مئی۔2015ء) پاکستان نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں زمبابوے کو 2 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز میں کلین سویپ کرکے ملک میں 6 سال بعد انٹرنیشنل کرکٹ کا خیر مقدم کیا اور آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں اپنی 5 ویں پوزیشن مستحکم کرلی ، پاکستان نے 175 رنز کا ہدف 8 وکٹوں کے نقصان پر دو گیندیں قبل پورا کرلیا ، پاکستان کی جانب سے مختار احمد نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 62 رنز بنائے ، عمر اکمل 30 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے ، زمبابوے کی طرف سے ولیمز سن اور مافیو نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ، قبل ازیں زمبابوے نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 3 وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز کا ٹارگٹ دیا ، زمبابوے کی جانب سے سی باندہ 49 ، ولیمز 58 اور ماساکدزا39 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے ، پاکستان کی جانب سے شعیب ملک ، شاہد آفریدی اور محمد سمیع نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا ، مختار احمد کو میچ میں 62 رنز بنانے پر مین آف دی میچ اور سیریز میں سب سے زیادہ145 رنز بنانے پر مین سیریز کا ایوارڈ دیا گیا ، تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ ریحام خان کے علاوہ خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک اور پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری جنرل جہانگیر خان ترین نے قذافی سٹیڈیم میں میچ دیکھا ۔

(جاری ہے)

اتوار کو قذافی اسٹیڈیم میں دو میچز کی سیریز کے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کا ٹاس زمبابوے کے کپتان ایلٹن چگمبورا نے جیتا اور ایک بار پھر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ زمبابوے نے پہلے اوور سے ہی جارحانہ انداز اختیار کیا۔ نویں اوور میں ان کی پہلی وکٹ 68 رنز پر گری ہیملٹن مساکاڈزا 39 رنز بنا کر شعیب ملک کا شکار ہوئے اور ان کا کیچ انور علی نے پکڑا دوسرے آوٴٹ ہونے والے کھلاڑی سیبندا 49 رنز بنا کر شاہد آفریدی کی گیند پر انور علی کے ہاتھوں کیچ آوٴٹ ہوئے اس وقت اسکور 136 رنز تھا۔

تیسری وکٹ زمبابوے کے کپتان ایلٹن چگمبورا کی تھی انہوں نے 21 رنز بنائے اور محمد سمیع کی گیند پر احمد شہزاد کے ہاتھوں کیچ آوٴٹ ہوئے۔ 20 اوور زکے اختتام پر کووینٹری دواور شین ولیمز اٹھاون رنز بناکر ناٹ آوٴٹ رہے زمبابوے نے 175 رنز بنائے اور پاکستان کو جیتنے کے لیئے 176 رنز کا ٹارگٹ دیا ہے۔پاکستان کی جانب سے شعیب ملک ،شاہد آفریدی اور محمد سمیع نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا ۔

175رنز کے تعاقب میں پاکستانی کی طرف سے احمد شہزاد اور مختار احمد نے اننگز کا آغاز کیا ۔دونوں اوپنرز نے ٹیم کو 44رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا ۔44کے مجموعی سکور پر احمد شہزاد 18رنز بنا کر ویٹوری کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے ۔پاکستان کی دوسری وکٹ 81رنز کے مجموعی سکور پر گری جب نعمان انور 18رنز بنا کر یتسیا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے ۔پاکستان کی تیسری وکٹ 95رنز پر گری جب شعیب ملک 7رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے ۔

پاکستان کی چوتھی وکٹ 117رنز پر گری جب مختار احمد 62رنز بنا کر سکندر رضا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے ۔جس کے بعد نئے آنے والے بیٹسمین قومی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے اور130رنز کے مجموعی سکور پر 7رنز بنا کر ولیمسن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے ۔152رنز کے مجموعی سکور پر عمر اکمل 30رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے اور اسکے فوراً بعد انور علی بھی 2رنز بنا کر ولیمسن کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے ۔

جبکہ 161رنز کے مجموعی سکور پر وکٹ کیپ بیٹسمین محمد رضوان 6رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ نئے آنیوالے بیٹسمین بلاول بھٹی نے آخری اوور میں شاندار کاکرردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2 گیندیں قبل ہی سکور پورا کردیا ۔ میچ میں 62 رنز بنانے پر مختار احمد کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا جبکہ سیریز میں مجموعی طور پر 145 رنز بنانے پر مختار احمد کو ہی مین آف دی سیریز کا ایوارڈ دیا گیا ۔

وقت اشاعت : 24/05/2015 - 23:07:56

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :