وزیرکھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر کا نشتر پارک اسپورٹس کمپلیکس کا دورہ

ہفتہ 14 جون 2025 21:46

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 جون2025ء) صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر نے گزشتہ روز نشتر پارک اسپورٹس کمپلیکس کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پنجاب اسپورٹس بورڈ کے زیرِ اہتمام سمر گیمز 2025 میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کے ہاسٹلز کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس پنجاب، خضر افضال چوہدری نے صوبائی وزیر کو کھلاڑیوں کے لیے فراہم کردہ سہولیات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ہاسٹل میں 700 سے زائد کھلاڑیوں کو بین الاقوامی معیار کی رہائش، طعام، طبی امداد، سیکیورٹی، ٹھنڈا پانی، اے سی، یومیہ الاؤنس اور دیگر تمام سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں۔

صوبائی وزیر نے خود پانی پی کر اس کے معیار کا جائزہ لیا اور کھلاڑیوں، خاص طور پر خواتین سے صفائی و ستھرائی کے انتظامات کے حوالے سے آراء حاصل کیں۔

(جاری ہے)

کھلاڑیوں نے فراہم کی گئی سہولیات کو تسلی بخش اور مثالی قرار دیا۔ وزیر کھیل نے کھلاڑیوں کے لیے ایک اہم خوشخبری کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر سمر گیمز میں شریک تمام کھلاڑیوں کو تین وقت کا معیاری کھانا فراہم کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت کا مقصد نوجوان ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی کرنا اور صوبے میں ایک متحرک، صحت مند اور منظم کھیلوں کی ثقافت کو فروغ دینا ہے۔ ہم اپنے نوجوانوں کو کھیلوں کے میدان میں روشن مستقبل فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ وزیر کھیل نے تربیتی انفراسٹرکچر، کوچنگ، ریفریشمنٹس اور کھیلوں کے سامان کی فراہمی جیسے دیگر پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا اور حکام کو ہدایت دی کہ سہولیات میں مزید بہتری کے لیے مستقل نگرانی کا نظام اپنایا جائے۔
وقت اشاعت : 14/06/2025 - 21:46:27