گورنر خیبرپختونخوا کا پاکستان کی ثناء میر کو لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل میں تاریخی اعزاز حاصل کرنے پر زبردست خراجِ تحسین

ہفتہ 14 جون 2025 21:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جون2025ء) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پاکستان کی سابق ویمن کرکٹ کپتان ثناء میر کو لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کے دوران تاریخی اعزاز حاصل کرنے پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

(جاری ہے)

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ثناء میر کا آئی سی سی ہال آف فیم میں شامل ہونا اور لارڈز میں روایتی بیل بجا کر کھیل کا آغاز کرنا نہ صرف پاکستان بلکہ تمام جنوبی ایشیائی خواتین کھلاڑیوں کے لیے باعثِ فخر اور حوصلہ افزائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ثناء میر نے اپنی قیادت، کارکردگی اور مثالی رویے سے پاکستان ویمن کرکٹ کو بین الاقوامی سطح پر نئی پہچان دی۔ انہوں نے 226 بین الاقوامی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی اور 151 وکٹوں کے ساتھ ساتھ 1,630 رنز بنا کر ایک کامیاب آل راؤنڈر کی حیثیت سے اپنا لوہا منوایا۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ نوجوان لڑکیوں کے لیے ثناء میر ایک روشن مثال ہیں، جنہوں نے ثابت کیا کہ لگن، قابلیت اور قیادت کی خصوصیات کے ساتھ ہر میدان میں کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔
وقت اشاعت : 14/06/2025 - 21:20:05