اے ایف سی ویمنز ایشین کپ 2026 ءکے کوالیفائنگ راؤنڈ کیلئے قومی ویمنز فٹبال ٹیم کے اسکواڈ کا اعلان

ہفتہ 14 جون 2025 21:42

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جون2025ء) پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) نے اے ایف سی ویمنز ایشین کپ 2026 کے کوالیفائنگ راؤنڈ کے لیے قومی ویمنز فٹبال ٹیم کے اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ کوالیفائرز 29 جون سے 5 جولائی تک جکارتہ، انڈونیشیا میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان ویمنز کو گروپ ای میں رکھا گیا ہے جس میں چائنیز تائی پے، میزبان انڈونیشیا اور کرغزستان شامل ہیں۔

پی ایف ایف کی جانب سے اعلان کردہ اسکواڈ میں جنہ فاروقی، نشا اشرف، زینہ جیو را، عالیہ صادق، لیلہ بنارس، ماریہ خان، نزالیہ صدیقی، صوفیہ قریشی، آمنہ حنیف، عزوہ چوہدری، مارشا ملک، رامین فرید، ثناء مہدی، سوہا ہیرانی، انمول حرا، اقصیٰ مشتاق، اسرا خان، مریم محمود، نادیہ خان، زہمینہ ملک اور زلفیہ نذیر شامل ہیں۔

(جاری ہے)

قومی خواتین ٹیم اپنا پہلا میچ 29 جون کو چائنیز تائی پے کے خلاف کھیلے گی۔

دوسرا مقابلہ 2 جولائی کو انڈونیشیا جبکہ آخری گروپ میچ 5 جولائی کو کرغزستان کے خلاف ہو گا۔ ان میچوں کی تیاری کے لیے قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ 19 جون سے جناح اسٹیڈیم، اسلام آباد میں شروع ہو گا۔ کیمپ کی نگرانی ہیڈ کوچ عدیل رزقی کریں گے جو کھلاڑیوں کی تکنیکی اور جسمانی تیاریوں پر بھرپور توجہ دیں گے۔ پاکستان فٹبال فیڈریشن کا کہنا ہے کہ منتخب اسکواڈ میں تجربہ کار اور نوجوان باصلاحیت کھلاڑیوں کا امتزاج شامل ہے جو ٹیم کو بین الاقوامی مقابلوں میں بہتر کارکردگی دکھانے میں مدد دے گا۔
وقت اشاعت : 14/06/2025 - 21:42:49