ارشد ندیم کو فٹ ہونے میں مزید کتنا وقت لگے گا ڈاکٹرز جائزہ لینے لگے

جیولن تھروور کے ڈاکٹر علی باجوہ نے ان کی فٹنس کے حوالے سے بتایا کہ ارشد ندیم کو مقابلوں میں حصہ لینے میں وقت لگے گا

بدھ 16 جولائی 2025 12:14

ارشد ندیم کو فٹ ہونے میں مزید کتنا وقت لگے گا ڈاکٹرز جائزہ لینے لگے
لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2025ء) گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کا برطانیہ میں علاج جاری ہے، وہ کب تک فٹ ہوکر ایکشن میں نظر آئیں گے کیمبرج کے ڈاکٹر نے اپ ڈیٹ شیئرکردی۔اولمپک میں ریکارڈ تھرو کرکے پاکستان کو گولڈ میڈل دلوانے والے ارشد ندیم برطانوی شہر کیمبرج میں زیرعلاج ہیں، پاکستانی جیولن تھروور کے ڈاکٹر علی باجوہ نے ان کی فٹنس کے حوالے سے بتایا کہ ارشد ندیم کو مقابلوں میں حصہ لینے میں وقت لگے گا۔

اولمپئن ارشد ندیم گزشتہ روز لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پہنچے تھے، اپنی فٹنس کے پیش نظر پاکستانی ایتھلیٹ نے سوئٹزرلینڈ میں انٹرنیشل ایونٹ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ میں سلور میڈل حاصل کرنے والے جیولین تھروو ارشد ندیم حالیہ دنوں میں ایک بار پھر سے فٹنس مسائل کا شکار ہوگئے ہیں۔

(جاری ہے)

ارشد ندیم کو پنڈلی میں معمولی کھنچاؤ درپیش ہے، لندن جانے سے قبل ہی ڈاکٹرز نے انھیں بھرپور ٹریننگ سے روک دیا تھا، پنڈلی میں ہونے والی تکلیف کی نوعیت کے سبب ارشد نے سوئٹزرلینڈ میں شیڈول اہم ایونٹ سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا تھا۔

ذرائع کا بتانا تھا کہ ارشد ندیم جو کہ اس دوران لاہور میں ٹریننگ میں مصروف تھے ڈاکٹرز نے انھیں ہدایت کی تھی کہ وہ اب صرف ہلکی پھلکی ٹریننگ کریں اور بھرپور ٹریننگ سے گریز کریں۔
وقت اشاعت : 16/07/2025 - 12:14:55