تیسرا ٹی 20، ویسٹ انڈیز کو شکست، ٹم ڈیوڈ تیز ترین سنچری بنانے والے آسٹریلوی بلے باز بن گئے

ہفتہ 26 جولائی 2025 18:11

تیسرا ٹی 20، ویسٹ انڈیز کو شکست، ٹم ڈیوڈ تیز ترین سنچری بنانے والے آسٹریلوی بلے باز بن گئے
بیسیٹیری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جولائی2025ء)آسٹریلیا نے ٹم ڈیوڈ کی تیز ترین سنچری کی بدولت تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ویسٹ انڈیز کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 0-3 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔بیسیٹیرے میں کھیلے گئے میچ میں ٹیم کی جانب سے 215 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ٹم ڈیوڈ نے صرف 37 گیندوں پر آسٹریلیا کی طرف سے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں تیز ترین سنچری اسکور کرکے تاریخ رقم کردی۔

ٹم ڈیوڈ اور مچل اووین کے درمیان پانچویں وکٹ کے لیے 128 رنز کی شاندار شراکت آسٹریلیا کی ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ میں اس وکٹ پر سب سے بڑی پارٹنرشپ بن گئی۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ 97 رنز کا تھا جو مچل مارش اور ٹم ڈیوڈ نے قائم کیا تھا۔ٹم ڈیوڈ نے نہ صرف آسٹریلیا کے لیے 16 گیندوں پر سب سے تیز نصف سنچری اسکور کی بلکہ پھر 11 چھکوں کی مدد سے 37 گیندوں پر اپنی پہلی ٹی 20 سنچری بھی مکمل کی،ان کے ساتھ نوجوان مچل اووین نے بھی 16 گیندوں پر 36 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی اور دونوں نے پانچویں وکٹ کے لیے صرف 46 گیندوں پر 128 رنز کی شراکت قائم کی۔

(جاری ہے)

دونوں کھلاڑیوں نے 87 رنز پر 4 وکٹیں گرنے کے بعد مزید کوئی وکٹ نہ گرنے دی اور ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔قبل ازیں ویسٹ انڈیز نے 4 وکٹوں ہی کے نقصان پر مقررہ اوورز میں 214 رنز بنائے تھے۔ویسٹ انڈیز کے شائی ہوپ 102 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ناقابل شکست رہے جبکہ برینڈن کنگ نے 62 رنز بنائے۔
وقت اشاعت : 26/07/2025 - 18:11:52