ویسٹ انڈیز اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز کا پہلا میچ یکم اگست کو کھیلا جائے گا

جمعرات 31 جولائی 2025 10:30

جمیکا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2025ء) ویسٹ انڈیز اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ (کل )جمعہ کو سینٹرل بروورڈ ریجنل پارک سٹیڈیم ٹرف گراؤنڈ، لاڈر ہل، فلوریڈامیں کھیلا جائے گا۔ یہ میچ نائٹ ہوگا اور فلڈ لائٹس کی روشنی میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان کی کرکٹ ٹیم ان دنوں ویسٹ انڈیز کے دورہ پر ہے اور گرین شرٹس اپنے دورہ ویسٹ انڈیز کے دوران میزبان ٹیم کے خلاف 3ٹی ٹوٹی اور 3 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز کھیلے گی۔

قومی کرکٹ ٹیم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹی 20 انٹرنیشنل میچ سے قبل لاڈرہل کے براورڈ کاؤنٹی سٹیڈیم میں بھرپور پریکٹس کی۔ سیشن کے دوران کھلاڑیوں نے بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ کی مختلف مشقیں کیں جبکہ کوچنگ سٹاف نے کنڈیشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے نیٹ پریکٹس میں کھلاڑیوں کو مخصوص اہداف دیئے تاکہ وہ میچ کی صورتحال سے ہم آہنگ ہو سکیں۔

(جاری ہے)

بیٹرز نے خاص طور پر پاور ہٹنگ پر توجہ مرکوز رکھی اور مختلف زاویوں سے شاٹس کھیلنے کی مشقیں کیں تاکہ حریف باؤلرز کے خلاف جارحانہ حکمت عملی اختیار کی جا سکے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے شائقین کرکٹ بے چینی سے منتظر ہیں۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دلچسپ مقابلے کی توقع ہے۔ ویسٹ انڈیز ٹیم کے خلاف 3ٹی ٹوٹی بین الاقوامی میچوں کی سیریز میں پاکستان ٹیم کو مایہ ناز آل رائونڈر سلمان آغا لیڈ کریں گے ۔دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ 3اگست کو کھیلا جائے گا جبکہ تیسرا اور آخری میچ 4اگست کو کھیلا جائے گا۔

تین ٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کے تینوں میچز فلڈ لائٹس کی روشنی میں سینٹرل بروورڈ ریجنل پارک سٹیڈیم ٹرف گراؤنڈ، لاڈر ہل، فلوریڈامیں ہی کھیلے جائیں گے۔ٹی ٹونٹی سیریز مکمل ہونے کے بعد پاکستان کی ٹیم برائن لارا سٹیڈیم، تاروبا، ٹرینیڈاڈپہنچے گی جہاں تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 8اگست کو کھیلا جائے گا ،ون ڈے سیریز کا دوسرا میچ 10 اگست کو کھیلا جائے گا جبکہ تیسرا اور آخری ون ڈے میچ 12 اگست کو کھیلا جائےگا۔ون ڈے سیریز میں گرین شرٹس کو مایہ ناز وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان لیڈ کریں گے۔\932
وقت اشاعت : 31/07/2025 - 10:30:02