صائم ایوب نے ٹی ٹونٹی سیریز میں ایسا منفرد اعزاز اپنے نام کرلیا جو شاہد آفریدی کے پاس بھی نہیں

22 سالہ بیٹر نے 2 نصف سنچریوں کی مدد اور 135 کے سٹرائیک ریٹ سے 130 رنز سکور کیے جب کہ بائولنگ میں 7.80 کے اکانومی ریٹ سے 5 وکٹیں حاصل کیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 6 اگست 2025 13:38

صائم ایوب نے ٹی ٹونٹی سیریز میں ایسا منفرد اعزاز اپنے نام کرلیا جو شاہد آفریدی کے پاس بھی نہیں
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 6 اگست 2025ء ) قومی ٹیم کے نوجوان اوپنر صائم ایوب نے حال ہی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ختم ہونے والی ٹی ٹونٹی سیریز میں ایک ایسا منفرد اعزاز اپنے نام کرلیا جو شاہد آفریدی کے پاس بھی نہیں ہے۔ 
22 سالہ صائم ایوب نے ویسٹ انڈیز کیخلاف 3 میچز کی ٹی ٹونٹی سیریز میں بطور بیٹر 2 نصف سنچریوں کی مدد اور 135 کے سٹرائیک ریٹ سے 130 رنز سکور کیے جب کہ بائولنگ میں 7.80 کے اکانومی ریٹ سے 5 وکٹیں حاصل کیں۔

اس کے ساتھ ہی وہ دو طرفہ T20I سیریز میں 100 سے زیادہ رنز بنانے اور 5 یا اس سے زیادہ وکٹیں لینے والے محض دوسرے پاکستانی کرکٹر بن گئے۔ 
ان سے قبل محمد حفیظ نے 2011ء میں زمبابوے کیخلاف سیریز میں 122 رنز بنانے کے ساتھ ساتھ 7 وکٹیں بھی حاصل کی تھیں۔

(جاری ہے)

 
دوسری جانب قومی کرکٹ ٹیم نے تین ایک روزہ میچز کیلئے ٹرینیڈاڈ میں ڈیرے ڈال دیے ہیں، بدھ کو برائن لارا کرکٹ اسٹیڈیم میں آپشنل ٹریننگ سیشن ہوگا، کپتان محمد رضوان اور بابر اعظم آنے والے مقابلوں میں توجہ کا مرکز ہوں گے، مجموعی طور پر 50 اوورز کے میچز میں ویسٹ انڈیز کو برتری حاصل ہے۔

 
پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو لاؤڈرہل امریکا میں کھیلی گئی 3 ٹی 20 میچز کی سیریز میں 1-2 سے مات دی، اب ٹیم کی توجہ ون ڈے کرکٹ پر مرکوز ہے جس میں قیادت محمد رضوان سنبھالیں گے، سینئر بیٹر بابراعظم بھی ایکشن میں دکھائی دیں گے۔ 
پاکستان نے ایک روزہ میچز کیلیے آخری بار کیریبیئن جزائر کا دورہ 2017ء میں کیا تھا، تب پہلے میچ میں 4 وکٹ سے شکست کے بعد گرین شرٹس نے کم بیک کرتے ہوئے دوسرے میچ میں 74 رنز اورتیسرے میں 6 وکٹ سے فتح حاصل کرکے سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی تھی، اس وقت ٹیم کی قیادت سرفراز احمد نے سنبھالی ہوئی تھی۔

 
ون ڈے فارمیٹ میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان مجموعی طور پر 137 میچز کھیلے گئے ہیں، ان میں سے کیریبیئن سائیڈ نے 71 جب کہ گرین شرٹس نے 63 میں کامیابی حاصل کی، 3 میچز ٹائی ہوئے۔
وقت اشاعت : 06/08/2025 - 13:38:32