ٹیلنٹ ہنٹ بیس بال پروگرام سے نئے کھلاڑی سامنے آئیں گے، کاشف شفیق

جمعہ 8 اگست 2025 18:46

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2025ء) پاکستان فیڈریشن بیس بال کے سیکرٹری سید فخر شاہ کی ہدایت پر یوتھ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت ایمرسن یونیورسٹی ملتان میں تربیتی کیمپ جاری ہے۔ اس سلسلے میں سعودی عرب سے آئے ہوئے انٹرنیشنل کرکٹر اور قومی بیس بال کھلاڑی کاشف شفیق نے کیمپ کا دورہ کیا۔ڈائریکٹر یوتھ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام محمد جمیل کامران نے بتایا کہ پاکستان فیڈریشن آف بیس بال ملک بھر سے نوجوان کھلاڑیوں کی تلاش کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

اسی مقصد کے لیے ملتان میں یہ کیمپ لگایا گیا ہے، جس میں فارن ٹور کے لیے منتخب کھلاڑی بھی حصہ لے رہے ہیں۔ اس موقع پرایمرسن یونیورسٹی ملتان کے اسپورٹس کنسلٹنٹ ظفر خان شیروانی نے کہا کہ نوجوان نسل کو منفی سرگرمیوں سے محفوظ رکھنے کے لیے کھیل کے میدان آباد کرنا ہوں گے اور اس ضمن میں ایمرسن یونیورسٹی ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔کاشف شفیق نے کہا کہ دنیا بھر میں بیس بال کو خصوصی اہمیت حاصل ہے۔ پاکستان نے آغاز سے ہی اس کھیل میں نامور کھلاڑی متعارف کروائے جنہوں نے عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کیا اور یہ سلسلہ آج بھی جاری ہے۔ انہوں نے کیمپ میں موجود کھلاڑیوں کو بیس بال کے کھیل پر لیکچر بھی دیا۔اس موقع پر محمد عرفان اور کوچ محمد حسن جمیل بھی موجود تھے۔
وقت اشاعت : 08/08/2025 - 18:46:43