پاکستان کرکٹ بورڈ کا ملک بھر کے سکولز میں کرکٹ کے فروغ کے لیے بڑے پیمانے پر سکولز ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے آغاز کا اعلان

بدھ 20 اگست 2025 17:15

پاکستان کرکٹ بورڈ  کا ملک بھر کے سکولز میں کرکٹ کے فروغ کے لیے بڑے پیمانے پر سکولز ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے آغاز کا اعلان
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2025ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ملک بھر کے سکولز میں کرکٹ کے فروغ کے لیے بڑے پیمانے پر سکولز ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے آغاز کا اعلان کر دیا ہے۔ پی سی بی کے مطابق اس پروگرام میں ملک کے 39 اضلاع کے 400 سے زائد سکول شریک ہوں گے۔ پہلے مرحلے میں منتخب شدہ سکولز میں ٹرائلز کے ذریعے ٹیموں کا انتخاب کیا جائے گا جس کے لیے پی سی بی کے 60 سے زائد کوچز خدمات انجام دیں گے۔

ستمبر کے تیسرے ہفتے سے 40 اوورز پر مشتمل ٹورنامنٹ کا آغاز ہو گا جس میں 400 سے زائد سکولز حصہ لیں گے۔ اس ٹورنامنٹ کی بہترین 100 ٹیمیں ویکنڈ سکولز لیگ میں شامل ہوں گی جو دو روزہ میچز پر مشتمل ہو گی۔ پی سی بی کے مطابق ون ڈے ٹورنامنٹ کی چیمپئن ٹیم کو بیرون ملک دورے کا موقع فراہم کیا جائے گا جبکہ نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑی پی سی بی انڈر 15 اور انڈر 17 ٹورنامنٹس میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ عبداللہ خرم نیازی نے کہا کہ سکولز ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کی تمام فنڈنگ پی سی بی کرے گا۔ اس پروگرام کے ذریعے بچے تعلیم کے ساتھ ساتھ کرکٹ کے میدان میں بھی اپنی صلاحیتیں دکھا سکیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ پی سی بی ملک بھر میں 168 سکول گراؤنڈز کو آباد کرنے کے منصوبے پر بھی کام کر رہا ہے تاکہ نوجوان کرکٹرز کو بہترین سہولیات میسر آئیں۔
وقت اشاعت : 20/08/2025 - 17:15:37