انگلینڈ کرکٹ ٹیم ٹی 20ورلڈ کپ 2026 سے قبل سری لنکا کا دورہ کرے گی

تین ایک روزہ اور تین ٹی -20ٹی میچوں پر مشتمل شیڈول جاری کر دیاگیا

جمعرات 21 اگست 2025 14:52

انگلینڈ کرکٹ ٹیم ٹی 20ورلڈ کپ 2026 سے قبل سری لنکا کا دورہ کرے گی
لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2025ء)انگلینڈ کی قومی کرکٹ ٹیم آئندہ سال کے اوائل میں سری لنکا کا دورہ کرے گی، جہاں وہ ٹی -20 ورلڈ کپ 2026 کی تیاریوں کے سلسلے میں وائٹ بال سیریز کھیلے گی۔ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے اس دورے کا باقاعدہ اعلان کرتے ہوئے تین ایک روزہ اور تین ٹی -20ٹی میچوں پر مشتمل شیڈول جاری کر دیا ہے۔

ای سی بی کی طرف سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق سری لنکا کے خلاف سیریز کا آغاز 22 جنوری 2026 سے پہلے ون ڈے میچ سے ہوگا، جبکہ دیگر دو ون ڈے میچز بالترتیب 24 اور 27 جنوری کو کھیلے جائیں گے۔ ون ڈے سیریز مکمل ہونے کے بعد تین ٹی -20میچز بالترتیب 30 جنوری، یکم فروری اور 3 فروری کو کھیلے جائیں گے۔ای سی بی کے مطابق ابھی تک ان میچوں کے مقامات (وینیوز) کا اعلان نہیں کیا گیا۔

(جاری ہے)

یہ دورہ انگلینڈ کی ٹیم کے لئے آئندہ ٹی -20 ورلڈ کپ 2026 کی تیاریوں کا اہم حصہ تصور کیا جا رہا ہے، جو کہ بھارت اور سری لنکا میں مشترکہ طور پر منعقد ہوگا۔ انگلینڈ، جو ماضی میں 2010 اور 2022 میں ٹی -20 ورلڈ چیمپئن رہ چکا ہے، گزشتہ ایڈیشن میں سیمی فائنل مرحلے میں شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہو گیا تھا۔اس دورے میں ممکنہ طور پر نئے اور نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا جائے گا تاکہ ورلڈ کپ سے قبل بہترین کمبی نیشن تشکیل دیا جا سکے۔ سیریز نہ صرف ٹیم کی تیاریوں کے لیے بلکہ بینچ سٹرینتھ آزمانے کے لیے بھی اہم ثابت ہو سکتی ہے۔
وقت اشاعت : 21/08/2025 - 14:52:23