شعیب اختر کا صائم ایوب کی بیٹنگ پر تشویش کا اظہار

ْ گیند کو دیکھنا چاہیے کہ کس طرح آرہی ہے، کتنی اوپر ہے اور میری تکنیک مجھے کیا بتارہی ہے

اتوار 14 ستمبر 2025 11:20

ْ راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 ستمبر2025ء)سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے اوپنر صائم ایوب کے بیٹنگ کے انداز پر تشویش کا اظہار کردیا۔مقامی اسپورٹس پلیٹ فارم پر گفتگو کرتے ہوئے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے کہا کہ گیند کو دیکھنا چاہیے کہ کس طرح آرہی ہے، کتنی اوپر ہے اور میری تکنیک مجھے کیا بتارہی ہے۔ مجھے کہاں حرکت کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ بیٹر کو کریز پر ٹھہرنے کے لیے عام طور پر صرف چند گیندوں کی ضرورت ہوتی ہے اور غیرضروری شاٹ کھیلنے سے گریز کرنا چاہیے۔شعیب اختر نے کہا کہ آپ کو بہت زیادہ حرکت کرنے کی ضرورت نہیں ہے، دو سے چار گیندوں کے اندر کھلاڑی محسوس کرسکتا ہے کہ گیند بلے پر کس طرح سے آرہی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان نے عمان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 93 رنز سے شکست دی تھی، اوپنر صائم ایوب بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے تھے۔

(جاری ہے)

صائم ایوب کو عمان کے بالر شاہ فیصل نے میچ کی دوسری گیند پر ایل بی ڈبلیو کیا جب وہ گیند کو لیگزائیڈ کی جانب کھیلنے کی کوشش کر رہے تھے۔صائم ایوب اپنے ٹی ٹوئنٹی کیریئر میں چوتھی بار ڈک پر آؤٹ ہوئے جس کے بعد وہ پاکستان کے اوپنرز کی فہرست میں محمد رضوان اور محمد حفیظ کے برابر آگئے ہیں۔اس فہرست میں سب سے آگے بابراعظم ہیں جو چھ بار صفر پر آؤٹ ہوئے جبکہ کامران اکمل پانچ بار صفر پر آؤٹ ہونے کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔صائم ایوب اب ان دونوں کے بعد تیسرے نمبر پر ہیں۔ دوسری جانب حسن نواز اور شاہ زیب حسن کے تین تین صفر ہیں۔
وقت اشاعت : 14/09/2025 - 11:20:06