سمارانچ کپ ایشین باسکٹ بال ماسٹرز انویٹیشنل ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے قومی بوائز کی ممکنہ ٹیم کا انتخاب مکمل

منگل 16 ستمبر 2025 17:09

سمارانچ کپ ایشین باسکٹ بال ماسٹرز انویٹیشنل ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے قومی بوائز کی ممکنہ ٹیم کا  انتخاب مکمل
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2025ء) پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن (پی بی بی ایف)نے انڈر 14 سطح پر باسکٹ بال کے فروغ کے لیے ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے 2025 سمارانچ کپ ایشین باسکٹ بال ماسٹرز انویٹیشنل ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے قومی بوائز کی ممکنہ ٹیم کا انتخاب مکمل کر لیا ہے۔دو روزہ ٹرائلز پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں منعقد ہوئے، جن میں ملک بھر سے 50 سے زائد کم عمر کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔

سخت جانچ پڑتال کے بعد 16 کھلاڑیوں کو تربیتی کیمپ کے لیے شارٹ لسٹ کیا گیا۔ٹرائلز کی نگرانی 4 رکنی سلیکشن کمیٹی نے کی، جس کے سربراہ خالد بشیر (سیکرٹری جنرل پی بی بی ایف)تھے جبکہ دیگر اراکین میں ریاض ملک (سابق بین الاقوامی کھلاڑی و کوچ)، کرنل (ر) شجاعت علی رانا اور عمران افضل شامل تھے۔

(جاری ہے)

تقریب میں سینئر باسکٹ بال منتظمین بھی شریک تھے جن میں بریگیڈیئر (ر) محمد افتخار منصور (صدر پی بی بی ایف)،امتیاز رفی بٹ (سینئر نائب صدر)،اعجاز رفی بٹ (صدر فیڈرل باسکٹ بال ایسوسی ایشن)،محمد یعقوب قادری (جنرل سیکرٹری کراچی ڈویژن)،رضوان الحق رازی (سیکرٹری جنرل اسلام آباد اولمپک ایسوسی ایشن) شامل ہیں۔

والدین کی بڑی تعداد نے تقریب میں اپنے بچوں کی حوصلہ افزائی کے لیے شرکت کی جس سے ایک پُرجوش اور مثبت ماحول دیکھنے میں آیا۔ٹرائلز کی نگرانی کے لئے 4 رکنی سلیکشن کمیٹی کے سربراہ خالد بشیر نے اس موقع پر کہا کہ یہ پاکستان باسکٹ بال کے لیے ایک سنگ میل ہے۔ اس عمر میں بین الاقوامی شرکت نہ صرف کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ کرے گی بلکہ ملک میں کھیل کے معیار کو بھی بہتر بنائے گی۔انہوں نے ڈی جی پاکستان سپورٹس بورڈ یاسر احمد پیرزادہ، چینی حکومت اور پاکستان میں چینی سفارتخانے کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا جن کی معاونت سے یہ ممکن ہوا۔شارٹ لسٹ کیے گئے کھلاڑی اب ایک تربیتی کیمپ میں حصہ لیں گے، جس کے بعد چین کے دورے کے لیے حتمی سکواڈ کا اعلان کیا جائے گا۔
وقت اشاعت : 16/09/2025 - 17:09:52