پنجاب میں سپورٹس کے 184 منصوبوں پر کام جاری، 88 نئے منصوبے رواں سال شروع کیے جارہے ہیں‘فیصل ایوب کھوکھر

پیر 13 اکتوبر 2025 22:43

پنجاب میں سپورٹس کے 184 منصوبوں پر کام جاری، 88 نئے منصوبے رواں سال شروع کیے جارہے ہیں‘فیصل ایوب کھوکھر
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2025ء) صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کہا ہے کہ پنجاب سٹیڈیم کو اپ گریڈ کرکے عالمی معیار کے مطابق جدید سہولیات سے آراستہ کیا جا رہا ہے، اسی طرح پاکستان کا جدید ترین اور عالمی معیار کا سکواش کمپلیکس تعمیر کے آخری مراحل میں ہے، جو جلد افتتاح کے لیے تیار ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر نے سپورٹس بورڈ پنجاب میں ایک اہم اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔

سیکرٹری اسپورٹس پنجاب مظفر خان سیال نے صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر کوصوبے بھر میں جاری اور نئے سپورٹس منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پنجاب میں اس سال 88 نئے سپورٹس منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں جبکہ مجموعی طور پر 184 منصوبوں پر کام جاری ہے۔

(جاری ہے)

ان منصوبوں میں انٹرنیشنل معیار کے سپورٹس کمپلیکس، جمنازیمز، فٹبال گراؤنڈ، پیڈل ٹینس کورٹس، کرکٹ ہاکی گراونڈزاور دیگر سہولیات شامل ہیں۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب میں کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں تاہم سپورٹس منصوبوں کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ہمارا مقصد صرف انفراسٹرکچر کی ترقی نہیں بلکہ پنجاب میں سپورٹس کلچر کو فروغ دینا اور نوجوانوں کو کھیلوں کی جانب راغب کرنا ہے تاکہ وہ مثبت سرگرمیوں میں حصہ لے سکیں۔

صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھرنے مزید کہا کہ پنجاب میں عالمی معیار کے درجنوں منصوبے تکمیل کے قریب ہیں، جو مستقبل میں پاکستان کی کھیلوں کی ترقی میں سنگِ میل ثابت ہوں گے۔ اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری میاں عثمان علی، ڈائریکٹر ایڈمن عابد شوکت اور دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔
وقت اشاعت : 13/10/2025 - 22:43:35