ویرات کوہلی کے ساتھی کھلاڑی اچانک انتقال کر گئے، کرکٹ کی دنیا سوگوار

کرکٹر کی اچانک موت نے کرکٹ برادری کو صدمے میں مبتلا کر دیا ہے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 7 مئی 2026 11:38

ویرات کوہلی کے ساتھی کھلاڑی اچانک انتقال کر گئے، کرکٹ کی دنیا سوگوار
چندی گڑھ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 7 مئی 2026ء ) بھارت کے سابق انڈر 19 کرکٹر اور پنجاب کے میڈیم پیسر امن پریت سنگھ گل چنڈی گڑھ میں انتقال کر گئے ہیں، ان کی عمر محض 36 برس تھی۔ 
امن پریت کی اچانک موت نے کرکٹ برادری کو صدمے میں مبتلا کر دیا ہے، تاہم ان کی موت کی وجہ ابھی تک سامنے نہیں آسکی۔ 
امن پریت سنگھ وہ کھلاڑی تھے جو انڈر 19 کرکٹ میں موجودہ اسٹار بلے باز ویرات کوہلی کے ساتھی رہے اور انہوں نے 2007ء میں بھارتی ٹیم کی نمائندگی کی۔

(جاری ہے)

 
وہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے پہلے سیزن میں پنجاب کی ٹیم کا حصہ رہے اور بعد میں پنجاب کی سینئر سلیکشن کمیٹی کے ممبر کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔ پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اس دکھ بھری خبر کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ”پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن سابق کرکٹر اور سینئر سلیکشن کمیٹی کے ممبر امن پریت سنگھ گل کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتی ہے۔ ہماری ہمدردیاں سوگوار خاندان کے ساتھ ہیں۔“
 
امن پریت نے اپنے فرسٹ کلاس کیریئر میں پنجاب کی جانب سے چھ میچ کھیل کر 11 وکٹیں حاصل کیں اور انٹرنیشنل جونیئر کرکٹ میں سری لنکا کے تھیسارا پریرا جیسے بڑے کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔
وقت اشاعت : 07/05/2026 - 11:38:51