فیفا ورلڈ کپ میں استعمال ہونے والی پاکستانی فٹبال کی تقریب پذیرائی، امریکی میئرز اور پاکستانی کمیونٹی کی شرکت

جمعہ 14 اگست 2026 21:11

فیفا ورلڈ کپ میں استعمال ہونے والی پاکستانی فٹبال کی تقریب پذیرائی، امریکی میئرز اور پاکستانی کمیونٹی کی شرکت
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2026ء) امریکہ میں پاکستانی مصنوعات اور پاکستانی کمیونٹی کی خدمات کو اجاگر کرنے کے لیے منعقدہ تقریب میں فیفا ورلڈ کپ میں استعمال ہونے والی ’’میڈ اِن پاکستان‘‘ فٹبال کی خصوصی پذیرائی کی گئی۔ تقریب میں مختلف امریکی شہروں کے میئرز اور پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔میڈ اِن پاکستان کے برانڈ ایمبیسیڈر اور جسٹس انٹرنیشنل امریکہ کے سفیر فیصل ندیم کے مطابق امریکن پاکستانی پبلک افیئر کمیٹی کی جانب سے ارونگ، ڈیلاس، ٹیکساس میں پاکستانی کمیونٹی، قیادت، کاروباری ترقی اور معاشی خوشحالی کا جشن منانے کے لیے تقریب کا اہتمام کیا گیا۔

تقریب میں آرلنگٹن کے میئر جم راس، فریسکو کے میئر مارک ہل، کیرولٹن کے میئر اسٹیو بابیک، رچرڈسن کے میئر عامر عمر اور ریاستی نمائندے ٹیری میزا کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

(جاری ہے)

فیصل ندیم نے کہا کہ فیفا ورلڈ کپ میں استعمال ہونے والی پاکستانی ساختہ فٹبالز کو عالمی سطح پر ملنے والی پذیرائی پاکستانی صنعت کے لیے باعث فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی مصنوعات نے عالمی منڈی میں اپنی صلاحیت اور معیار منوایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آرلنگٹن اور ڈیلاس، ٹیکساس میں واقع اسٹیڈیم کو فیفا ورلڈ کپ کی مشترکہ میزبانی کا اعزاز حاصل رہا، جس کے باعث اس خطے میں پاکستان میں تیار ہونے والی فٹبالز کی پذیرائی بھی خصوصی اہمیت رکھتی ہے۔فیصل ندیم کے مطابق ڈیلاس، ٹیکساس میں پاکستانی مصنوعات کا کاروبار کامیابی سے جاری ہے اور پاکستانی کاروباری افراد مختلف شعبوں میں ترقی کی منازل طے کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی کی کاروباری سرگرمیاں دونوں ممالک کے درمیان معاشی روابط کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہورہی ہیں۔
وقت اشاعت : 14/08/2026 - 21:11:12