ہاکی کاعالمی میلہ آج سے شروع

ہفتہ 15 اگست 2026 10:42

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2026ء) ہاکی کے عالمی میلے کا آغاز آج15 اگست سے بیلجیم اور نیدرلینڈز میں ہورہا ہے، جہاں پاکستان سمیت دنیا کی16 بہترین مردوں کی ٹیمیں عالمی اعزاز کے حصول کے لیے میدان میں اتریں گی۔ خواتین کی16 ٹیمیں بھی میگا ایونٹ میں شریک ہوں گی۔ میگا ایونٹ کے مینز ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کو ایک ہی گروپ میں شامل کیا گیا ہے اور دونوں روایتی حریف19 اگست کو نیدرلینڈز کے شہر ایمسٹلوین میں واقع واگنر سٹیڈیم میں آمنے سامنے ہوں گے۔

یہ میچ مقامی وقت کے مطابق سہ پہر3 بجے شروع ہوگا جبکہ پاکستانی شائقین شام6 بجے براہ راست مقابلہ دیکھ سکیں گے۔ پاکستان اور بھارت عالمی کپ میں16 سال کے طویل وقفے کے بعد ایک دوسرے کے خلاف میدان میں اتریں گے۔

(جاری ہے)

پاکستان ورلڈ کپ کی تاریخ کی کامیاب ترین ٹیموں میں شمار ہوتا ہے اور قومی ٹیم چار مرتبہ عالمی تاج اپنے نام کرچکی ہے۔ اس بار عالمی کپ کا فارمیٹ بھی تبدیل کیا گیا ہے اور روایتی کوارٹر فائنل مرحلے کے بجائے کراس اوور پول سسٹم متعارف کرایا گیا ہے۔

ابتدائی گروپ مرحلے کے بعد ٹیمیں نئے پولز میں تقسیم ہوں گی اور مزید تین، تین میچز کھیلیں گی، جس کے بعد پول ای اور پول ایف کی سرفہرست دو، دو ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ پاکستان ٹورنامنٹ میں اپنی مہم کا آغاز15 اگست کو انگلینڈ کے خلاف کرے گا، جبکہ17 اگست کو ویلز کے مدمقابل ہوگا۔ گرین شرٹس کا گروپ مرحلے کا سب سے اہم معرکہ19 اگست کو بھارت کے خلاف ہوگا۔

بھارتی ٹیم15 اگست کو ویلز، 17 اگست کو انگلینڈ اور19 اگست کو پاکستان کے خلاف میدان سنبھالے گی۔ یوں گروپ مرحلے میں پاکستان اور بھارت کا مقابلہ دونوں ٹیموں کے لیے اگلے مرحلے میں پیش قدمی کے حوالے سے انتہائی اہمیت اختیار کرگیا ہے۔ ورلڈ کپ کے سیمی فائنلز 28 اگست کو کھیلے جائیں گے، جبکہ تیسری پوزیشن کا مقابلہ اور فائنل30 اگست کو ہوگا۔ پاکستان میں ہاکی کے شائقین ٹپ میڈ کے ذریعے ورلڈ کپ کے میچز دیکھ سکیں گے۔ عالمی سطح پر میچز واچ ہاکی کے پلیٹ فارم کے ذریعے دستیاب ہوں گے۔
وقت اشاعت : 15/08/2026 - 10:42:01