پاکستان نے پہلے ون ڈے میچ میں زمبابوے کو 131 رنز سے ہرا دیا

جمعرات 1 اکتوبر 2015 22:09

پاکستان نے پہلے ون ڈے میچ میں زمبابوے کو 131 رنز سے ہرا دیا

ہرارے۔یکم اکتوبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 01 اکتوبر۔2015ء) پاکستان نے پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں زمبابوے کو 131 رنز سے ہرا کر تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔ محمد رضوان اور عماد وسیم کی نصف سنچریوں کی بدولت گرین شرٹس نے میزبان ٹیم کو جیت کیلئے 260 رنز کا ہدف دیا۔ پاکستان کا ٹاپ آرڈر ناکام رہا، محمد رضوان نے 75 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، عماد وسیم 65 اور سرفراز احمد 44 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

زمبابوین ٹیم ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 37 اوورز میں 128 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ شان ولیمز 26 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ یاسر شاہ نے کیریئر بیسٹ باؤلنگ کی 6 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔ انہیں مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ شعیب ملک نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

(جاری ہے)

جمعرات کو یہاں ہرارے سپورٹس کلب میں سیریز کے پہلے ون ڈے میچ میں زمبابوے کے کپتان ایلٹن چگمبورا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستان کی جانب سے عامر یامین اور زمبابوے کی طرف سے برائن چاری نے ڈیبیو کیا۔ پاکستان کی اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا اور اس کی پہلی تین وکٹیں 35 کے مجموعی سکور پر گر گئیں۔ کپتان اظہر علی 11، احمد شہزاد 12 اور محمد حفیظ 10 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ گئے۔ وکٹ کیپر سرفراز احمد اور شعیب ملک نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 65 رنز کا اضافہ کیا اور ٹیم کا سکور 100 تک پہنچا دیا۔

شعیب ملک 31 رنز بناکر کلین بولڈ ہوگئے، 128 پر پاکستان کی پانچویں وکٹ گر گئی جب سرفراز احمد 44 رنز بناکر گریم کریمر کا شکار بن گئے۔ اس موقع پر نوجوان بلے بازوں محمد رضوان اور عماد وسیم نے انتہائی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور چھٹی وکٹ میں 124 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کا سکور 252 تک پہنچا دیا۔ عماد وسیم 61 رنز کی دلکش اننگز کھیلنے کے بعد رن آؤٹ ہوئے جبکہ محمد رضوان 75 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

اس طرح پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 259 رنز بنائے۔ تناشے پیانگارا، لوک جونگوے، گریم کریمر اور جان نیومبو نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ زمبابوے کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 37 اوورز میں 128 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ شان ولیمز 26 اور ایلٹن چگمبورا 22 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ ڈیبیو میچ کھیلنے والے برائن چاری 16 ، چامو چیبھابھا 12 ، ہیملٹن ماساکڈزا 15 ، سکندر رضا 19 ، رچمونڈ موتمبمی تین، لوک جونگوے صفر، گریم کریمر دو اور تناشے پیانگارا چار رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

لیگ سپنر یاسر شاہ نے تباہ کن باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور 26 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں، یہ ان کی کیریئر بیسٹ باؤلنگ ہے۔ شعیب ملک نے تین اور عماد وسیم نے ایک وکٹ حاصل کی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ون ڈے میچ ہفتہ کو کھیلا جائے گا۔

وقت اشاعت : 01/10/2015 - 22:09:46

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :