شاہد آفریدی کوایک روزہ میچ کھیلتے ہوئے20 سال مکمل

آفریدی نے بیس سالوں میں398 ایک روزہ میچ کھیلے،23.57 کی اوسط سے 8064 رنز بنائے جس میں 6 سنچریاں اور 39 نصف سنچریاں شامل ہیں

اتوار 2 اکتوبر 2016 17:52

شاہد آفریدی کوایک روزہ میچ کھیلتے ہوئے20 سال مکمل

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 2 اکتوبر- 2016ء) 2اکتوبر1996 کو کینیا کے خلاف اپنا پہلا ایک روزہ میچ کھیلنے والے شاہد آفریدی کا ون ڈے کیریئر 20 سال پر محیط ہو گیا ہے۔بوم بوم آفریدی کے نام سے مشہور شاہد خان آفریدی نے اپنا ون ڈے ڈیبیو کینیا کے خلاف بیس سال قبل 2اکتوبر کی تاریخ میں 1996 کو کیا تھا۔شاہد آفریدی نے گزشتہ بیس سالوں میں اب تک 398 ایک روزہ میچ کھیلے جن میں 23.57 کی اوسط سے 8064 رنز بنائے جس میں 6 سنچریاں اور 39 نصف سنچریاں شامل ہیں جب کہ ایک روزہ میچ میں ایک اننگ میں زیادہ سے زیادہ اسکور 124 ہے۔

لیگ اسپینرمشاق احمد کی جگہ قومی ٹیم میں بطوراسپینرشامل ہونے والے شاہد آفریدی نے ایک روزہ میچوں میں 395 وکٹیں لی ہیں جس میں 9 مرتبہ پانچ یا پانچ سے زائد وکٹیں لی ہیں جب کہ بہترین باولنگ 12 رنز کے عوض 7 وکٹیں ہیں۔

(جاری ہے)

باولنگ اور بیٹنگ کے شعبے میں اپنی دھاک بیٹھانے والے شاہد خان آفریدی فیلڈنگ کے شعبے میں کافی مستعد اور متحرک نظرآتے ہیں انہوں نے اپنے ون ڈے کیریر میں 127 کیچز بھی پکڑے۔

شاہد خان آفریدی نے کئی میچوں میں تن تنہا پاکستانی ٹیم کو جیت دلوائی ہے اور بطور کپتان شاہد آفریدی پاکستان کی ٹی ٹوینٹی میچوں میں اپنے عروج پر پہنچایا اور ون ڈے میچوں میں ان کی ملک کے لیے گراں قدر خدمات قابل ستائش ہیں۔شاہد آفریدی نے اپنے پہلے ہی اننگ میں ایک روزہ میچ کی تیزترین سینچری بنانے کا اعزازحاصل کیا یہ ریکارڈ انہوں نے سری لنکا کے خلاف صرف 37 گیندوں پر سینچری مکمل کر کے بنایا اور یہ اعزازانہوں نے صرف سولہ سال کی عمر میں حاصل کیا۔

ایک روزہ میچوں میں سب سے زیادہ چھکے مارنے والے شاہد آفریدی جے سوریا کے بعد دوسرے آل راونڈر ہیں جنہوں نے 6 ہزار سے زیادہ رنز اور 300 سے زائد وکٹیں حاصل کیں ہیں۔واضح رہے شاہد خان آفریدی کے مداحین میں بھارتی کھلاری بھی شامل ہیں یہی وجہ ہے انہیں سب سے پہلے بوم بوم آفریدی کا لقب بھی بھارتی سابق ٹیسٹ کرکٹر اور موجودہ کمنٹیٹر روی شاستری نے دیا۔

وقت اشاعت : 02/10/2016 - 17:52:08

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :