جنوبی افریقہ پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 286 رنز پر آئوٹ، سری لنکن ٹیم پہلی اننگز میں مشکلات سے دوچار، 7 وکٹوں پر 181 رنز بنا لئے، آئی لینڈرز کو میزبان ٹیم کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 105 رنز درکار، لکمل کی 5 وکٹیں

منگل 27 دسمبر 2016 22:13

جنوبی افریقہ پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 286 رنز پر آئوٹ، سری لنکن ٹیم پہلی اننگز میں مشکلات سے دوچار، 7 وکٹوں پر 181 رنز بنا لئے، آئی لینڈرز کو میزبان ٹیم کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 105 رنز درکار، لکمل کی 5 وکٹیں
پورٹ الزبتھ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 دسمبر2016ء) سری لنکن ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں مشکلات سے دوچار ہے، آئی لینڈرز نے دوسرے روز کھیل کے اختتام تک اپنی پہلی اننگز میں 7 وکٹوں پر 181 رنز بنائے تھے اور اسے میزبان ٹیم کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 105 رنز درکار ہیں اور اس کی 3 وکٹیں باقی ہیں، دھانن جایا ڈی سلوا 43 اور دشمانتھا چمیرا 7 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، ورنن فلینڈر نے 3 وکٹیں لیں، قبل ازیں جنوبی افریقی ٹیم پہلی اننگز میں 286 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی تھی، سرنگا لکمل نے کیریئر بہترین بائولنگ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

(جاری ہے)

منگل کو پورٹ الزبتھ ٹیسٹ کے دوسرے روز جنوبی افریقی ٹیم نے 267 رنز 6 کھلاڑی آئوٹ پر پہلی نا مکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو کوئنٹن ڈی کوک 25 اور ورنن فلینڈر 6 رنز پر کھیل رہے تھے، پہلے سیشن میں سری لنکن بائولرز حاوی رہے اور انہوں نے کسی بھی کھلاڑی کو جم کر کھیلنے کا موقع نہ دیا، اس طرح پروٹیز ٹیم گزشتہ دن کے سکور میں صرف 19 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد 286 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، کوک 37، فلینڈر 13، مہاراج اور کائل ایبٹ صفر پر آئوٹ ہوئے، سرنگا لکمل نے 5 جبکہ نووان پرادیپ اور رنگنا ہیراتھ نے دو، دو وکٹیں لیں، جواب میں سری لنکن ٹیم کی پہلی اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا، فلینڈر اور ایبٹ کی برق رفتار گیندوں کے سامنے سری لنکن بیٹنگ لائن اپ لڑکھڑا گئی اور کوئی بھی کھلاڑی وکٹ پر نہ جم سکا، دوسرے روز جب کھیل ختم ہوا تو سری لنکا نے 7 وکٹوں پر 181 رنز بنا لئے تھے اور اسے میزبان ٹیم کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 105 رنز درکار ہیں، دیمتھ کرونارتنے 5، کوشل سلوا 16، کوسل پریرا 7، کوسل مینڈس صفر، کپتان اینجلومیتھیوز 39، دنیش چندی مل 28 اور رنگناہیراتھ 24 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، دھانن جایا ڈی سلوا 43 اور چمیرا 7 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، فلینڈر نے 3، ایبٹ نے 2 جبکہ ربادا اور مہاراج نے ایک، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

وقت اشاعت : 27/12/2016 - 22:13:39

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :