افغانستان ٹیم کے سابق کپتان نوروز مینگل نے انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا

بدھ 4 جنوری 2017 16:53

افغانستان ٹیم کے سابق کپتان نوروز مینگل نے انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا

کابل ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جنوری2017ء) افغانستان ٹیم کے ٹاپ آرڈر بلے باز اور سابق کپتان نوروز مینگل نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا، انہوں نے قومی ٹیم کا چیف سلیکٹر کا عہدہ سنبھالنے کی خاطر یہ فیصلہ کیا، رواں ماہ متحدہ عرب امارات میں شیڈول ڈیزرٹ ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کیلئے قومی سکواڈ کا چنائو کرنا ان کی پہلی آسائنمنٹ ہو گی۔

(جاری ہے)

مینگل نے 2007ء میں ٹیم کی قیادت کی ذمہ داری سنبھالی تھی اور ان کی زیر قیادت افغانستان کی ٹیم نے 2009ء میں ون ڈے ورلڈکپ کوالیفائر کھیلنے کا درجہ حاصل کیا اور بعدازاں افغانی ٹیم نے 2010ء ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ میں جگہ بنا کر تاریخ رقم کی تھی۔ افغانستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شفیق اللہ سٹانکزئی نے اپنے بیان میں کہا کہ مینگل ملکی کرکٹ کے سینئر اور لیجنڈری کرکٹر ہیں، ہمیں سلیکشن کے امور میں ان کی خدمات کی ضرورت تھی اور اس حوالے سے ہم گزشتہ چھ ماہ سے انہیں انٹرنیشنل کرکٹ کو چھوڑنے کا کہہ رہے تھے، ہمیں اس بات کی خوشی ہے کہ انہوں نے ہماری پیشکش قبول کی، امید ہے کہ وہ اپنے تجربے سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے مستقبل کیلئے مضبوط ٹیم تشکیل دیں گے۔

مینگل نے 49 ون ڈے اور 30 ٹی ٹونٹی میچز میں ملک کی نمائندگی کا اعزاز حاصل کیا۔

وقت اشاعت : 04/01/2017 - 16:53:49

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :