آئی سی سی کی نئی ون ڈے رینکنگ جاری ، نوجوان بلے باز بابر اعظم کیریئر میں پہلی مرتبہ ٹاپ 10 میں شامل

آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر پہلے نمبر پر آ گئے ، بائولنگ رینکنگ میں ابتدائی 10 بائولروں میں کوئی پاکستانی موجود نہیں نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ پہلے، مچل سٹارک دوسرے اور جنوبی افریقی لیگ سپنر عمران طاہر تیسرے نمبر پر موجود ہیں

جمعہ 27 جنوری 2017 19:18

آئی سی سی کی نئی ون ڈے رینکنگ جاری  ، نوجوان بلے باز بابر اعظم کیریئر میں پہلی مرتبہ ٹاپ 10 میں شامل
دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 جنوری2017ء) انٹر نیشنل کر کٹ کونسل ( آئی سی سی) نے ون ڈے کی نئی عالمی رینکنگ جاری کر دی ، کینگروز کے خلاف شاندار کارکردگی دکھانے والے بابر اعظم کیریئر میں پہلی مرتبہ ٹاپ 10بیٹسمینوں کی فہرست میں شامل ہو گئے ہیں،جبکہ آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر پہلے نمبر پر آ گئے ہیں ۔ بائولنگ رینکنگ میں ابتدائی 10 بائولروں میں کوئی پاکستانی موجود نہیں ہے،نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ پہلے، آسٹریلوی پیسر مچل سٹارک دوسرے اور جنوبی افریقی لیگ سپنر عمران طاہر تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری تازہ ترین ون ڈے پلیئرز رینکنگ کے مطابق بیٹنگ میں ڈیوڈ وارنر پہلے، جنوبی افریقی کپتان اے بی ڈی ویلیئرز دوسرے، بھارتی کپتان ویرات کوہلی تیسرے نمبر پر ہیں، جنوبی افریقا کے وکٹ کیپر بیٹسمین کوانٹن ڈی کاک چوتھی پوزیشن پر موجود ہیں، نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن پانچویں، انگلینڈ کے جوئے روٹ چھٹے، جنوبی افریقا کے ہاشم آملہ ساتویں جبکہ آسٹریلوی کپتان سٹیون سمتھ اور نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل بالترتیب 8 ویں اور 9 ویں نمبر پر ہیں، پاکستان کے ابھرتے ہوئے نوجوان بیٹسمین بابر اعظم 5درجے ترقی کے بعد 10پوزیشن حاصل کرکے ٹاپ ٹین میں شامل واحد پاکستانی بیٹسمین ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان کے محمد حفیظ 26ویں، اظہر علی40ویں جبکہ سرفراز احمد41ویں نمبر پر ہیں۔ بولنگ میں کوئی پاکستانی ٹاپ ٹین میں جگہ نہ بنا سکا، نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ پہلے، آسٹریلوی پیسر مچل سٹارک دوسرے، جنوبی افریقی لیگ سپنر عمران طاہر تیسرے، ویسٹ انڈین سپنر سنیل نارائن چوتھے، آسٹریلوی فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ پانچویں، بنگلا دیش کے شکیب الحسن چھٹے، نیوزی لینڈ کے میٹ ہنری ساتویں، جنوبی افریقی کاگیسو ربادا آٹھویں، انگینڈ کے عادل رشید نویں جبکہ افغانستان کے محمد نبی 10 ویں نمبر پر ہیں۔ رینکنگ میں پاکستان کے بہترین بولر محمد عرفان17ویں پوزیشن پر ہیں، محمد حفیظ 38 ویں، عماد وسیم 45 ویں، حسن علی 47 ویں، وہاب ریاض 50 ویں اور محمد عامر 51 نمبر پر جگہ بنا سکے۔
وقت اشاعت : 27/01/2017 - 19:18:31

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :