رائنا اور دھونی کی شاندار نصف سنچریاں، چاہل کی تباہ کن بائولنگ، بھارت نے انگلینڈ کو فیصلہ کن ٹی ٹونٹی میں با آسانی 75 رنز سے ہرا دیا، سیریز 2-1 سے بھارت کے نام

انگلش ٹیم 202 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 127 رنز پر ڈھیر، انگلش ٹیم کی 8 رنز پر آخری 8 وکٹیں گریں، 5 کھلاڑی صفر پر آئوٹ، چاہل کی 6 وکٹیں، چاہل میچ کے بہترین کھلاڑی قرار

بدھ 1 فروری 2017 23:51

رائنا اور دھونی کی شاندار نصف سنچریاں، چاہل کی تباہ کن بائولنگ، بھارت نے انگلینڈ کو فیصلہ کن ٹی ٹونٹی میں با آسانی 75 رنز سے ہرا دیا، سیریز 2-1 سے بھارت کے نام
بنگلور ۔ یکم فروری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 فروری2017ء) سریش رائنا اور دھونی کی شاندار بیٹنگ کے بعد چاہل کی تباہ کن عمدہ بائولنگ کی بدولت بھارت نے انگلینڈ کو آخری اور فیصلہ کن ٹی ٹونٹی کرکٹ میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد 75 رنز سے زیر کر کے سیریز 2-1 سے جیت لی، رائنا اور دھونی کی نصف سنچریوں کی بدولت میزبان ٹیم نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 202 رنز کا مجموعہ تشکیل دیا، رائنا 63 اور دھونی 56 رنز بنا کر نمایاں رہے، جواب میں انگلش ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 16.

(جاری ہے)

3 اوورز میں 127 رنز پر ڈھیر ہو گئی، روٹ، مورگن اور روئے کے سوا انگلینڈ کا کوئی بھی کھلاڑی چاہل اور بمرا کی نپی تلی بائولنگ کا مقابلہ نہ کر سکا، روٹ 42 رنز بنا کر نمایاں رہے، انگلینڈ کی 8 رنز پر آخری 8 وکٹیں گریں، 5 کھلاڑی صفر پر آئوٹ ہوئے، چاہل نے تباہ کن بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، بدھ کو بنگلور میں کھیلے گئے سیریز کے آخری اور فیصلہ کن ٹی ٹونٹی میچ میںانگلش ٹیم کے قائد این مورگن نے ٹاس جیت کر پہلے بائولرز کو آزمانے کا فیصلہ کیا جو ان کیلئے مہنگا ثابت ہوا، میزبان ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز کا مجموعہ تشکیل دیا، بھارتی ٹیم کی اننگز کا آغاز کچھ زیادہ اچھا نہ تھا اور 4 کے سکور پر اسے کپتان ویرات کوہلی کا نقصان اٹھانا پڑا، کوہلی 2 رنز بنا سکے، لیکن اس کے بعد سریش رائنا، مہندرا سنگھ دھونی اور یووراج سنگھ نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انگلش بائولرز کی خوب دھنائی کی اور ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی، رائنا نے 45 گیندوں پر 5 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 63 رنز کی اننگز کھیلی، دھونی 36 گیندوں پر 2 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 56 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے، یووراج سنگھ 10 گیندوں پر 3 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 27 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، لوکیش راہول 22 اور ہرڈک پانڈیا 11 رنز بنا کر سکے، ٹیمل ملز، کرس جورڈن، لیام پلنکٹ اور بین سٹوکس نے ایک، ایک وکٹ لی، جواب میں انگلش ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 17ویں اوور میں 127 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، 8 رنز پر پہلی وکٹ کھونے کے بعد جیسن روئے اور جوروٹ نے مل کر سکور 55 تک پہنچا دیا یہاں پر روئے جو کہ اچھی بیٹنگ کر رہے تھے 32 رنز بنا کر مشرا کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، اس موقع پر کپتان مورگن اور روٹ نے میدان سنبھالا، دونوں بلے بازوں نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیسری وکٹ میں 64 قیمتی رنز جوڑ کر ٹیم کا سکور 119 تک پہنچا کر اسے جیت کی امید دلائی لیکن یہاں پر چاہل نے اپنے تیسرے اوور میں مورگن اور روٹ کو آئوٹ کر کے میچ کا پانسہ پلٹ دیا، مورگن 40 اور روٹ 42 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، مورگن اور روٹ کے آئوٹ ہونے کے بعد انگلینڈ کے آخری 6 کھلاڑی مجموعی سکور میں صرف 8 رنز کا اضافہ کر سکے جن میں سے 4 کھلاڑی صفر اور دو کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے، بٹلر، پلنکٹ، جورڈن اور ملز صفر جبکہ بین سٹوکس 6 اور معین علی 2 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، چاہل بھارت کے کامیاب ترین بائولر رہے جنہوں نے 6 وکٹیں لیں، بمرا نے 3 اور مشرا نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

وقت اشاعت : 01/02/2017 - 23:51:23

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :