بھارت نے واحد ٹیسٹ میچ میں بنگلہ دیش کو 208 رنز سے شکست دے کر مسلسل 19 واں ٹیسٹ میچ جیت لیا،لگاتار 6سیزیز بھی جیت لی

بھارت کے 458 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 250 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، مشفیق الرحیم کی 127رنز کی اننگز ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے ، بھارت کے ویرات کوہلی کو شاندار ڈبل سنچری پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا

پیر 13 فروری 2017 16:37

حیدر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 فروری2017ء) بھارت نے واحد ٹیسٹ میچ میں بنگلہ دیش کو 208 رنز سے شکست دے کر ٹیسٹ کرکٹ میں مسلسل 19 ویں فتح حاصل کر لی ہے۔ بھارت کے 458 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 250 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی۔تفصیلات کے مطابق راجیو گاندھی انٹرنیشنل سٹیڈیم حیدرآباد میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر 687 رنز بنائے اور اننگز ڈکلیئر کر دی۔

بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے 204 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ مرلی وجے نے 108 اور وریدھیومن ساہا نے 106 رنز بنائے۔ دیگر بلے بازوں میں لوکیش راہول نے 2، چتیشور پجارا نے 83، اجنکیا ریحانے نے 82، روی چندرن ایشوین نے 34 اور رویندرا جدیجہ نے 60 رنز بنائے۔

(جاری ہے)

بنگلہ دیشی بائولرزمتاثر کن کارکردگی دکھانے میں بری طرح ناکام ہوئے۔

تیج الاسام نے 3، مہدی حسن میراز نے 2 اور تسکین احمد نے ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔بھارت کے 687 رنز کے جواب میں بنگلہ دیشی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور کپتان مشفیق الرحیم کے علاوہ کوئی بھی بلے باز جم کر کھیلنے میں کامیاب نہ ہو سکا اور پوری ٹیم 388 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی۔ مشفیق الرحیم نے 127 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ دیگر بلے بازوں میں تمیم اقبال نے 24، سومیا سرکار نے 15، مومن الحق نے 12، محمود اللہ نے 28، شکیب الحسن نے 82، صابر رحمان نے 16، مہدی حسن میراز نے 51، تیج الاسلام نے 10 اور تسکین احمد نے 8 رنز بنائے جبکہ قمرالاسلام رابی کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔

بھارت کی جانب سے اومیش یادیو سب سے کامیاب بائولررہے جنہوں نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ ایشوین اور جدیجہ نے 2,2 جبکہ بھوینشور کمار اور ایشانت شرما نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔بھارتی ٹیم نے 299 رنز کی برتری کے ساتھ دوسری اننگز کا آغاز کیا اور 4 وکٹوں کے نقصان پر 250 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کر کے بنگلہ دیش کو جیت کیلئے 458 رنز کا ہدف دیدیا۔ بنگلہ دیشی ٹیم ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور 250 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، اس طرح اسے 208 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
وقت اشاعت : 13/02/2017 - 16:37:03

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :