رانچی ٹیسٹ کا دوسرا روز، آسٹریلیا پہلی اننگز میں 451 رنز بناکر آئوٹ، سٹیون سمتھ نے 178 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، روندرا جدیجا کی 5 وکٹیں

بھارت نے ایک وکٹ کے نقصان پر 120 رنز بنا لئے، لوکیش راہول کی نصف سنچری، مرلی وجے 42 پر ناٹ آئوٹ

جمعہ 17 مارچ 2017 16:46

رانچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مارچ2017ء) آسٹریلوی ٹیم رانچی ٹیسٹ کے دوسرے روز اپنی پہلی اننگز میں 451 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی، کپتان سٹیون سمتھ نے 178 رنز کی ریکارڈ ساز اننگز کھیلی، روندرا جدیجا نے 5 وکٹیں حاصل کیں، بھارت نے کھیل کے اختتام پر ایک وکٹ کے نقصان پر 120 رنز بنا لئے اور اسے اننگز کا خسارہ پورا کرنے کیلئے 331 رنز درکار ہیں، مرلی وجے 42 اور چیتشوار پجارا 10 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، لوکیش راہول نے نصف سنچری سکور کی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق جمعہ کو رانچی میں ٹیسٹ کے دوسرے روز آسٹریلیا نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 299 رنز 4 کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی تو سٹیون سمتھ 117 اور گلین میکسویل 82 رنز پر کھیل رہے تھے، دونوں بلے بازوں کے درمیان 191 رنز کی ریکارڈ شراکت قائم ہوئی، گلین میکسویل نے پہلی ٹیسٹ سنچری سکور کی اور 104 رنز بناکر روندرا جدیجا کی گیند پر ساہا کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے، سٹیون سمتھ اور میتھیو ویڈ نے چھٹی وکٹ میں 64 رنز جوڑے اور ٹیم کا سکور 395 تک پہنچا دیا، اس موقع پر روندرا جدیجا نے یکے بعد دیگرے میتھو ویڈ اور پیٹ کمنز کو آئوٹ کرکے آسٹریلیا کی مشکلات میں اضافہ کر دیا، سٹیو اوکیف نے اپنے کپتان کا بھرپور ساتھ دیا اور آٹھویں وکٹ میں 51 رنز کا اضافہ کرکے ٹیم کا سکور 446 تک لے گئے، اوکیف 25 رنز بنا کر امیش یادیو کا نشانہ بنے، نیتھن لائن ایک اور جوش ہیزل ووڈ بغیر کوئی رن بنائے پویلین واپس لوٹ گئے، سٹیون سمتھ نے 17 چوکوں کی مدد سے 178 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، اس طرح آسٹریلیا کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 451 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی، روندرا جدیجا نے پانچ جبکہ امیش یادیو نے تین وکٹیں حاصل کیں، بھارت نے کھیل کے اختتام پر ایک وکٹ کے نقصان پر 120 رنز بنا لئے، اوپنر مرلی وجے اور لوکیش راہول نے 91 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا، راہول 67 رنز بناکر پیٹ کمنز کی گیند پر میتھیو ویڈ کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے، مرلی وجے 42 اور چیتشوار پجارا 10 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔

وقت اشاعت : 17/03/2017 - 16:46:00

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :