سپاٹ فکسنگ میں ملوث کھلاڑیوں پر تاحیات پابندی لگائی جائے، مصباح الحق

اتوار 19 مارچ 2017 14:11

سپاٹ فکسنگ میں ملوث کھلاڑیوں پر تاحیات پابندی لگائی جائے، مصباح الحق
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 مارچ2017ء) جاوید میانداد، شاہد آفریدی اور محمد حفیظ کے بعد قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے بھی میچ فکسنگ میں ملوث کھلاڑیوں پر تاحیات پابندی لگانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق بھی میچ فکسرز کے خلاف میدان میں آ گئے، نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مصباح الحق کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو میچ فکسنگ کے معاملات پر قابو پانے کیلئے سخت قانون بنانا ہو گا اور پی سی بی کو میچ فکسنگ میں ملوث کھلاڑیوں پر تاحیات پابندی لگانی چاہیئے۔

مصباح الحق کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز کا دورہ آسان نہیں ہو گا، وہاں کی کنڈیشنز بھی مشکلات کا باعث بن سکتی ہیں اور ویسٹ انڈین ٹیم اپنی کنڈیشن کا بھرپور فائدہ بھی اٹھاتی ہے، سیریز کے لئے خود کو فٹ رکھنے کے لئے ڈومیسٹک گریڈ 2 کرکٹ کھیل رہا ہوں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ ٹیم میں کھلاڑیوں کی سلیکشن سلیکٹرز کا کام ہے اور اس معاملے پر کوئی بات نہیں کروں گا تاہم جو بھی ٹیم حتمی ہو گی اسے ہرشعبے میں اچھی کارکردگی دکھانا ہو گی۔

مصباح الحق نے کہا کہ کھلاڑیوں کوہر طرز کی کرکٹ کھیلنی چاہیے ، سپر فٹ کھلاڑی ہی ٹیم کیلئے فٹ ہوتے ہیں۔ کھلاڑی کو اتنا فٹ ہونا چاہئیے کہ کارکردگی دے سکے ، ہر طرز کی کرکٹ کھیلنی چاہئیے ، ڈومیسٹک کرکٹ میں بہتری کی ضرورت ہے ، اپنی ٹیم کو فرسٹ کلاس میں کوالیفائی کرانے کے لئے گریڈ ٹو کھیل رہا ہوں ، مسلسل کھیلنے کے لئے میچ پریکٹس ضروری ہے ،فارم کے لئے مسلسل کھیلنا چاہیئے وقفہ نہیں آنا چاہیے۔ ڈومیسٹک کرکٹ کو انٹرنیشنل معیار تک لے جانے کی ضروت ہے ، کرکٹر کو اتنا فٹ ہونا چاہیئے کہ وہ انٹرنیشنل کرکٹ کا بوجھ اٹھا سکے۔ ٹریننگ کو اس لیول تک لے جانا ہے کہ فٹنس بوجھ نہ لگے۔
وقت اشاعت : 19/03/2017 - 14:11:41

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :