پولیس کی جانب سے صوبے کے تھانوں میں رپورٹنگ سینٹرقائم کئے جارہے ہیں،آئی جی سندھ

رپورٹنگ سینٹرقائم ہونے سائلین اپنی شکایات اور مسائل بلاخوف اور بہتر ماحول میں بیان کرسکیںگے ،اے ڈی خواجہ

ہفتہ 11 فروری 2017 18:58

میرپورخاص(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 فروری2017ء) انسپکٹر جنرل آف پولیس سندھ اللہ ڈنو خواجہ نے میرپورخاص پہنچ کر ٹاؤن پولیس اسٹیشن،سٹلائیٹ ٹاؤن پولیس اسٹیشن اور تعلقہ پولیس اسٹیشن میں رپورٹنگ سینٹر وں کا باقائدہ افتتاح کیااس موقع پر ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس میرپورخاص رینج جاوید عالم اوڈھو، ایس ایس پی میرپورخاص کامران نواز، ایس ایس پی تھرپارکر سرفراز نواز،اے ایس پی سٹی میرپورخاص تصور اقبال، ڈی آئی بی انچارج میر محمد کیریواور پولیس افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔

میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے آئی جی پولیس نے کہا کہ محکمہ پولیس سندھ کی جانب سے پورے سندھ کے تھانوں میں رپورٹنگ سینٹرقائم کئے جارہے ہیں جس کی ابتداء میرپورخاص سے کی گئی ہے رپورٹنگ سینٹرقائم کرنے کا مقصد سائلین اپنی شکایات اور مسائل بلاخوف اور بہتر ماحول میں بیان کرسکیں،سینٹرمیں عوام کی شرکت کو یقینی بنایا جاسکے اور سائلین کی شکایات کی ریکارڈنگ کو محفوظ کیا جاسکے اور کہا کہ سینٹروں میں سائلین کی درج شکایات پر قانونی کاروائی کی جائے گی تاکہ عوام کو انصاف مل سکے ۔

(جاری ہے)

انہو ں نے کہا کہ رپورٹنگ سینٹروں کے قیام سے تھانہ کلچر کے خاتمے میں مدد ملے گی ۔ ایک سوال کے جواب میں آئی جی پولیس نے کہا کہ محکمہ پولیس سندھ کو اختیارات حاصل ہیں جس کی بدولت کراچی سمیت پورے سندھ میں جرائم میں نمایاں کمی ہوئی ہے اورکہا کہ میڈیا کے آزاد ہونے کے ساتھ ساتھ جرائم کے خاتمے میں سول سوسائٹی نے بھی فعال کردار اداکیا ہے انہوں نے کہاکہ محکمہ پولیس سندھ میں میرٹ کی بنیاد پر بھرتی ہونے والے 4ہزار پولیس اہلکار وں کی ٹریننگ جاری ہے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس کی کارکردگی بہتربنانے کیلئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں اور کہا کہ سندھ بھر میں ڈجیٹل ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کا سلسلہ بھی شروع کیا جارہا ہے جس میں میرپورخاص کو بھی ترجیح دی جائے گی۔

ایک سوال کے جواب میں آئی جی پولیس سندھ اللہ ڈنو خواجہ نے کہا کہ پولیس ایکٹ1861کے تحت نئے حالات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے سندھ پولیس میں ترمیم لانے کی ضرورت ہے ۔ اس موقع پر ڈی آئی پولیس جاوید عالم اوڈھو نے آئی جی پولیس سندھ کو بتایا کہ پہلے مرحلے میں میرپورخاص ڈویژن میں10تھانوں میں رپورٹنگ سینٹر قائم کئے گئے ہیں جس میں میرپورخاص اور تھرپارکر کے 5،5تھانے شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :

میرپورخاص میں شائع ہونے والی مزید خبریں