پہلا ٹی ٹونٹی ، پاکستان نے زمبابوے کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی

جمعہ 22 مئی 2015 22:52

پہلا ٹی ٹونٹی ، پاکستان نے زمبابوے کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی

لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار22مئی ۔2015ء ) پاکستان نے اوپنر احمد شہزاد اورمختار احمد کی شانداربلے بازی کی بدولت پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں زمبابوے کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں زمبابوے کے کپتان چگمبورا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورزمیں 6 وکٹوں کے نقصان پر 172 رنز بنائے، زمبابوے کی جانب سے چگمبورا نے 54 جب کہ مساکیڈزا نے 43 رنز سکور کئے۔

محمد سمیع نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جب کہ وہاب ریاض نے 2 وکٹیں حاصل کیں اور شعیب ملک کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔ پاکستان کی جانب سے احمد شہزاد اورمختار احمد میدان میں اترے اور شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 142 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی ، احمد شہزاد 55 اورمختار احمد 83 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ محمد حفیظ 12 عمر اکمل 4 اور شعیب ملک 7 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے ۔

(جاری ہے)

قذافی سٹیڈیم شائقین کرکٹ سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا جب کہ تماشائیوں نے مہمان زمبابوین ٹیم کو پلے کارڈز اٹھا کر خوش آمدید کہا، تماشائیوں نے اپنے چہرے پر پاکستان اور زمبابوے کے پرچم پینٹ کرار کھے تھے جب کہ اس دوران گراؤنڈ میں جشن کا سماں رہا ۔ ملک میں 6 سالہ طویل انتظار کے بعد عالمی کرکٹ کی بحالی ہوئی تو صدر ممنون حسین بھی قذافی سٹیڈیم پہنچے اور انہوں نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں سے مصافحہ کیا۔ دوسری جانب سکیورٹی صورتحال کے باعث قذافی سٹیڈیم کے باہراوراطراف انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے جس کے لئے پولیس، ایلیٹ فورس اور رینجرز کے اہلکار تعینات تھے ۔ واضح رہے کہ پاکستان اور زمبابوے کے درمیان 2 ٹی ٹونٹی اور 3 ایک روزہ میچز پر مشتمل سیریز کھیلی جارہی ہے۔

وقت اشاعت : 22/05/2015 - 22:52:15

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :