وزیراعظم نواز شریف نے ورلڈ سلورفلائی ویٹ چمپئن محمد وسیم کیلئے 3 کروڑ روپے جاری کرنے کی منظوری دیدی

حکومت کی جانب سے رقم دو یا تین مہینے پہلے جاری کی گئی تھی ،ْاس وقت وسیم ملک سے باہر تھے ،ْ اختر نواز گنجیرا

جمعہ 2 دسمبر 2016 19:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 دسمبر2016ء) وزیراعظم نواز شریف نے ورلڈ سلورفلائی ویٹ چمپئن محمد وسیم کیلئے 3 کروڑ روپے جاری کرنے کی منظوری دیدی۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل اختر نواز گنجیرا نے کہا کہ حکومت کی جانب سے یہ رقم دو یا تین مہینے پہلے جاری کی گئی تھی اور اس وقت وسیم ملک سے باہر تھے۔

انہوںنے کہاکہ رقم محمد وسیم کی ٹریننگ، کوچ اور دوروں کیلئے ٹکٹ کی مد میں استعمال ہوگی۔اختر نواز نے کہا کہ ہم وسیم کے ساتھ بیٹھ کر بات کریں گے اور اجلاس میں رقم کے استعمال کے طریقہ کار کو وضع کیا جائیگا جو وسیم کی خواہش پر ہوگا لیکن حکومت کے لیے تمام معاملات کو یقینی بنانا ہوتا ہے۔وفاقی حکومت نے باکسر کو ہرممکنہ سہولت دینے کا بھی یقین دلایا انھوں نے کہا کہ ہم جتنی جلدی ہوسکے حکومتی سطح پر ایک اجلاس رکھیں گے جہاں ہم دیکھیں گے کہ اس کو کیسے آگے بڑھائے جائے۔

(جاری ہے)

واضح رہے محمد وسیم نے گزشتہ ہفتے فلپائن کے گیمل میگرامو کو شکست دے کر ورلڈ باکسنگ کونسل سلور فلائی ویٹ کا کامیاب دفاع کیا تھا۔وسیم نے ٹائٹل کے حصول کے بعد حکومت کی جانب سے سردمہری پر شکوہ کرتے ہوئے ان کی سرپرستی کا مطالبہ کیا تھا۔انہوںنے کہاکہ اب آگے بہت بڑا مقابلہ ہوگا جس کیلئے انہیں مالی تعاون کی بہت ضرورت ہے، حالیہ مقابلے میں وہ مالی طور پر کافی پریشان تھے کیونکہ کوریا کی کمپنیوں نے بھی ان کے لیے تعاون کرنے سے انکار کردیا تھا۔

خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز پشاور زلمی نے محمد وسیم کو اپنا سفیر مقرر کرتے ہوئے انھیں 25 لاکھ روپے انعام دینے کا بھی اعلان کیا تھا ،ْناقابل شکست رہنے والے محمد وسیم نے پروفیشنل کیرئیر میں پانچ فائٹ میں حصہ لیا اور تمام مقابلوں میں چمپئن رہے۔فیلکن خان کے نام سے مشہور کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے باکسر کی حالیہ کامیابی کے بعد عالمی رینکنگ میں مزید بہتری آئیگی اور وہ اب بڑے باکسرز کو چیلنج کرنے کا بھی ارادہ رکھتے ہیں۔
وقت اشاعت : 02/12/2016 - 19:35:44

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :