75 سالہ محبت کی لا زوال داستان

یہ لمحہ تھا سنہ 1943 کا جب ان کے گاؤں میں جشن کا ساماں تھا ہر طرف سے مبارک بادیں وصول ہورہی تھیں اس کا والد اور والدہ آنے والے مہمانوں کا بڑی خوش دلی سے استقبال کر رہے تھے۔

جمعرات 18 اکتوبر 2018

75 sala mohabbat ki laa zawaal daastan
چین مشرق میں خاندانی نظام کی مضبوطی کی علامت کے طور پر پہچانا جاتا ہے یہاں ہونے والی سائنسی، معاشی اور مادی ترقی کی داستانیں تو آپ نے بہت سنی ہوں گی مگر چین میں رشتوں کی مضبوطی اور احترام کے حوالے سے بہت سی باتوں سے لوگ ابھی واقف نہیں۔ یہ کہانی ہے وانگ مانکی اور اس کی بیوی چاو سن کی لازوال محبت کی ۔شام کے سائے آہستہ آہستہ گہرے ہو رہے تھے، سورج کچھ ہی دیر میں پہاڑوں کی اوٹ میں چھپنے کو تھا اور بہت دنوں بعد جب بہت اچھی دھوپ نکلی تھی وہ دھوپ کی تمازت کو اپنے بدن میں سمو لینے کے لئے کافی دیر پہلے اپنے گاؤں کے قریب واقع اس جھیل کے کنارے آکر بیٹھا ہوا تھا۔

وہ بت بنا سامنے پہاڑوں پر پھیلی برف کی سفید چادر کو مسلسل گھور رہا تھا اس دوران نہ جانے کتنے منظر اس کے دماغ کے پردے پر بن اور بکھر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اس دوران اس کے ہاتھ مسلسل اون سے بنے ایک تھیلی نما پرس کو سہلا رہے تھے۔ شاید اس وقت یہی وہ پرس تھا جو اس کو سوچوں کے گھوڑے پر سوار کرکے پچھتر برس بیتے ہوئے لمحوں میں لے گیا تھا۔
یہ لمحہ تھا سنہ 1943 کا جب ان کے گاؤں میں جشن کا ساماں تھا ہر طرف سے مبارک بادیں وصول ہورہی تھیں اس کا والد اور والدہ آنے والے مہمانوں کا بڑی خوش دلی سے استقبال کر رہے تھے۔

آج اس کی شادی کا دن تھا۔ اس دن کی یاد میںیہ پرس ایک سوئنیر کے طور پر آج بھی اس کے ہاتھ میں موجود تھا۔ یہ شادی والے دن اس کی بیوی نے بطور خاص تحفے میں دیا تھا۔
وانگ مانکی کی عمر 90 سال ہے اور ان کی دلہن "چھیاو سن" بانوے برس کی ہو چکی ہیں۔ دونوں آج سے 75 برس قبل شادی کے بندھن میں بندھے تھے۔ چینی رواج کے مطابق دولہا اور دلہن شادی کے روز ایک دوسرے کو تحائف پیش کرتے ہیں۔

"چھیاو سن" نے اپنے شوہر کو ہاتھ سے بنا ہوا ایک پرس تحفے میں دیا۔ یہ پرس آج بھی وانگ نے اپنے سینے سے لگا کر رکھا ہے۔محبت کے رنگ کبھی پھیکے نہیں پڑتے اس جوڑے نے واقعی ان رنگوں کو پھیکا نہیں پڑنے دیا۔ یہی وہ سوچ ہے جس نے ونگ مانکھی کو اس خواب سے بیدار کردیا۔ وہ جلدی سے جھیل کنارے سے اٹھا اور گھر کی جانب چلنے لگا اسے یہ سوچ کھائے جارہی تھی کہ "چھیاو سن"نے اپنی دوا لی ہوگی یا نہیں اس نے دوپہر کا کھانا ٹھیک سے کھا یا بھی ہوگا یا نہیں۔

وہ جانتا ہے کہ "چھیاو سن" کی صحت اب ٹھیک نہیں رہتی۔ اس لئے وہ اپنے ہاتھوں سے اس کے لئے اس کی پسند کا کھانا بنا تا ہے۔
اس جوڑے نے نہایت سادہ زندگی گذاری۔ انہوں نے 1947 تک کبھی اکٹھے تصویر تک نہ بنوائی تھی۔ اس کی ضرورت بھی انہیں اس وقت محسوس ہوئی۔ جب وانگ کا نام فوج میں بھرتی کے لئے درج کر لیا گیا۔ اس کا مطلب تھا کہ اب ان کے درمیان طویل دوریاں آنے والی ہیں۔

وانگ کہتے ہیں،"میں نے سوچ کر یہ تصویر بنوائی کے اگر میں محاذ سے نہ لوٹا تو کم ازکم میری تصویرتو میری بیوی کے پاس ہوگی اورمیں بھی اپنے مشکل لمحات میں اپنی بیوی کی تصویر دیکھ اپنے اچھے وقت کو یاد کر لیا کروں گا"چھیاو سن" جوکہ اپنی زندگی کی بانوے بہاریں دیکھ چکی ہیں کہتی ہیں کہ ہم نہیں جانتے کہ رومانٹک ہونا کیا ہوتا ہے لیکن یہ ضرور معلوم ہے کہ ایک دوسرے کا خیال رکھنا اور احترام کرنا کیا ہوتا ہے۔

"چھیاو سن" اس رشتے میں کو مزید گہرا اور مضبوط کرنے میں زیادہ حصہ ڈالتی رہی ہیں۔ چھیاوسن ہر سال موسم کے مطابق اپنے شوہر کو نت نئے اور آرام دہ جوتے بنا کر دیتی رہی ہیں اور وانگ بھی اس دوڑ میں کہاں پیچھے رہنے والے ہیں انہوں نے اپنی بیوی کی خاطر کھانا پکانا سیکھا اور ان کے لئے ہر خاص و عام موقع پر مزے مزے کے کھانے بنائے۔ وانگ کو یہ کام اس لئے بھی سیکھنا پڑا کیونکہ اس کی بیوی اب بیمار رہنے لگی ہے اور وہ اس کی خوراک کا زیادہ سے زیادہ خیال رکھنا چاہتا ہے۔


ان دونوں کی شادی مقامی رسم رواج کے مطابق طے پائی تھی لیکن ان دونوں کو افسوس ہے کہ ان کے پاس اپنی شادی کا رجسٹریشن سرٹیفیکٹ نہیں ہے کیونکہ ان کی شادی سن 1950 کی عائلی اصلاحات سے قبل طے پائی تھی۔ ان کے تین بچے ہیں۔ جن کی اولادوں میں اب چوتھی نسل بھی آنکھ کھول چکی ہے۔ یہ سب لوگ ایک گھر میں رہتے لیکن یہ دنوں میاں بیوی تمام تر راحتوں کے باوجود آج بھی ایک دوسرے کا کام خود کرنا چاہتے ہیں۔ یہ ایک دوسرے کی چھوٹی چھوٹی ضروریات کا بہت زیادہ خیال رکھتے ہیں۔ سچ ہے کہ سچی محبت کے رنگ کبھی پھیکے نہیں پڑتے۔
( چائینہ ریڈیو انٹرنیشنل،زبیر بشیر )

ادارہ اردوپوائنٹ کا مضمون نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

متعلقہ مضامین :

75 sala mohabbat ki laa zawaal daastan is a Special Articles article, and listed in the articles section of the site. It was published on 18 October 2018 and is famous in Special Articles category. Stay up to date with latest issues and happenings around the world with UrduPoint articles.