جہد مسلسل--اردو پوائنٹ کے25سال

سفر کا آغازمشکل اور کٹھن تھا1999میں پاکستان جیسے ملک میں نیوزویب سائٹ کا تصور انتہائی مشکل تھا

Mian Muhammad Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 14 اگست 2025

Jehd e Musalsal - UrduPoint Ke 25 Years
سفر کا آغازمشکل اور کٹھن تھا1999میں پاکستان جیسے ملک میں نیوزویب سائٹ کا تصور انتہائی مشکل تھا ایک ایسا کام جس میں آمدن کا کوئی تصور نہیں تھا اخراجات ہی اخراجات تھے اخبارات ‘نیوزایجنسیاں ہی مین اسٹریم میڈیا تھے ویب سائٹ مطلب پانی کے بہاؤ کے مخالف تیرنا تھا مین اسٹریم میڈیا کے بالکل مخالف سمت سے اس کا مقابلہ کرنا‘لیب ٹاپ‘سمارٹ فون کا تصور بھی محال تھا یہ وہ حالات تھے جن میں علی چوہدری نے اردوپوائنٹ کا آغازکیا اورنئی تاریخ رقم کرتے ہوئے اردو پوائنٹ پاکستان میں ڈیجیٹل میڈیا کے بانیان میں شامل ہوگیا-اردو پوائنٹ کی25ویں سالگرہ کی تقریب میں اس طویل سفر کی یادیں شیئرکرنے کا موقع ملا ‘ٹیکنالوجی کے معاملے میں ہمیشہ نالائق رہا ہوں ‘سائبر سیکورٹی کیا ہوتی ہے؟25سال پہلے شاید مشکل سے چند سو لوگ ہی ہونگے جنہیں سائبرسیکورٹی کی تھوڑی بہت معلومات ہونگی ہم جیسوں نے تو یہ لفظ بھی نہیں سنا تھا کبھی-اخبار کا محاذبہت آسان تھا کیوں میں اس میں سب کچھ آپ کے ہاتھ میں ہوتا تھا مگر ویب سائٹ آج بھی ایک مشکل ترین محاذہے بروقت مواد اپ ڈیٹ کرنا‘چھٹی کا کوئی تصور نہیں سال کے365دنوں میں چوبیس گھنٹے مواد اپ ڈیٹ کرنے کے ساتھ سائٹ کی سیکورٹی یقینا ایک مشکل ترین ٹاسک تھا مگرعلی چوہدری نے تمام مشکلات کا سامنا کرتے سفر کو جاری رکھا - جب کوئی دفترتھا نہ ہی سٹاف ‘انٹرنیٹ کے چارجزبھی منٹوں کے حساب سے ہوتے تھے‘ ڈائل اپ انٹرنیٹ اور سب سے اہم سائبرحملے ‘ایسے وقت میں جب بیک اپ رکھنے کے لیے اتنی آسانیاں دستیاب نہیں تھیں جتنی آج ہیں ‘آمدن یقینی طور پر ہر کام میں بنیادی اور اہم عنصر ہوتا ہے ‘اخبارات اشتہاروں پر چلتے تھے مگر ویب سائٹ کے لیے اشتہار کیسے حاصل کیئے جاتے جب اکثریت کو معلوم ہی نہیں تھا کہ ویب سائٹ ہوتی کیا ہے -کئی بار سائبراٹیک میں پوری ویب سائٹ بری طرح متاثر ہوئی مگر سفرجاری رہا‘2001میں پرائیویٹ ٹیلی ویژن چینلز کے لائسنس جاری ہوئے تومیڈیا انڈسٹری میں اچانک بڑے وسیع پیمانے پر تبدیلیاں آئیں مگر رئیل ٹائم میں خبردینا پرائیویٹ چینلزکے آغازسے بھی پہلے اردوپوائنٹ شروع کرچکا تھا تو پاکستان کی تاریخ میں یقینی طورپر دو اعزازعلی چوہدری کو حاصل ہیں ایک اردو زبان اور پاکستان کی پہلی نیوزویب سائٹ‘دوسرا رئیل ٹائم میں خبردینا (جسے عام زبان میں لائیوکوریج کہا جاتا ہے) -اس سفر میں پوری دنیا سے اردو زبان سے محبت رکھنے والوں کا بہت بڑا حصہ ہے جنہوں نے اردوپوائنٹ کو پذیرائی بخشی پوری دنیا میں اردوزبان جاننے والوں تک رسائی سال2000میں ہی ادارہ حاصل کرچکا تھا ہم اگرچہ آغازسے ہی اردوپوائنٹ کا حصہ تھے مگر جزوی طور پر برادرم شاہد نذیر چوہدری‘راقم اور کچھ دوست ہم اپنی نوکریوں کے ساتھ اردوپوائنٹ کے لیے بھی مواد اکھٹا کرتے ‘6صفحات کے اخبار کے لیے ایک درمیانے سائزکی کتاب جتنا مواد چاہیے ہوتا ہے ویب سائٹ مواد کے حوالے سے ایک اندھا کنواں ہے جس میں جتنا بھی مواد ڈالتے جائیں کم ہے -اخبار میں خبراگلے دن پرانی ہوتی ہے مگر ڈیجیٹل میڈیا میں منٹوں کے اندر‘یہاں وقت کے ساتھ دوڑہے اور بلاشبہ سخت محنت اور جانفشانی سے علی چوہدری ہرطرح کے حالات سے لڑتے اردوپوائنٹ کو لے کر آگے بڑھتے رہے اور آج اللہ سبحان وتعالی کے کرم سے اردوپوائنٹ ایک تناور درخت بن چکا ہے ‘اس درخت کو بیج سے جوان درخت بننے تک موسموں کی سختیاں‘حالات کے تھپیڑے‘آندھیوں اور طوفانوں سے گزرنا پڑتا ہے علی چوہدری نے بیج سے درخت بننے تک کے اس عمل میں اپنی پوری جوانی لگادی آج تقریب میں مجھے وہ شرمیلا نوجوان یاد آرہا تھا جس سے1999میں پہلی بار ملاقات ہوئی آج اردوپوائنٹ اور ہماری دوستی کے 25سال ایک ساتھ پورے ہوئے ہیں‘اللہ اسے جتنا نوازتا گیا اس کے عجزوانکسار میں اتنا ہی اضافہ ہوتا چلا گیاجو یقینی طور پر اللہ سبحان وتعالی کا خصوصی فضل ہے - برادرم شاہدنذیرچوہدری ‘سید ذیشان عزیز‘ارسلان فریداور دیگر ساتھیوں کا بہت شکریہ جنہوں نے اس یادگار تقریب کا اہتمام کیا اردوپوائنٹ کی ساری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے ‘ ندیم احمد‘سیدفیضان ہاشمی ‘فہدشبیر ‘ثناءاللہ ناگرہ ایک طویل فہرست ہے اگر یہا ں نام لکھنا شروع کروں تو مضمون سے طویل ناموں کی فہرست ہوجائے گی ‘پوری ٹیم نے محنت اور جانفشانی سے کام کیا ‘برادرم شاہدنذیرچوہدری اور سیدذیشان عزیزنے بہت سارے نئے پراجیکٹ شروع کیئے جنہیں اردوپوائنٹ کے قارین اورناظرین کی جانب سے بھرپور پذیرائی مل رہی ہے ‘آخرمیں علی چوہدری اور اردوپوائنٹ کی پوری ٹیم کا ذاتی طور پر بھی شکریہ اداکرنا چاہتا ہوں جو مجھے دس سال سے فل ٹائم برداشت کررہے ہیں اللہ سلامت رکھے سب کو-  

ادارہ اردوپوائنٹ کا مضمون نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

متعلقہ مضامین :

متعلقہ عنوان :

Jehd e Musalsal - UrduPoint Ke 25 Years is a Special Articles article, and listed in the articles section of the site. It was published on 14 August 2025 and is famous in Special Articles category. Stay up to date with latest issues and happenings around the world with UrduPoint articles.