”ایگریکلچر ٹرانسفارمیشن پلان“ کسان دوست پالیسیوں کا عکاس

حکومت جنوبی پنجاب میں میگا ترقیاتی سکیموں کی بروقت تکمیل کیلئے پُرعزم

ہفتہ 19 فروری 2022

Agriculture Transformation Plan - Kisaan Dost Policiyon Ka Akkas
اظہر سلیم مجوکہ
حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ ملتان کی جانب سے ”کورونا“ ویکسی نیشن ریڈ مہم کے تیسرے مرحلے کا آغاز کر دیا گیا ہے اس سلسلے میں محکمہ صحت کو ہر گھر کے تمام افراد کو مکمل ویکسین لگانے کا ٹاسک سونپ کر یونین کونسلز کی سطح پر فیلڈ ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں ہیں۔

ویکسی نیشن کی دونوں ڈوز سے محروم رہ جانے والے افراد پر خصوصی فوکس کیا جائے گا۔12 سال سے زائد بچوں کو ویکسین لگانے کے سلسلے میں تعلیمی اداروں میں کیمپ لگائے جا رہے ہیں۔”اومی کرون“ کی نئی لہر کے پیش نظر ویکسی نیشن مہم کو ترجیح دی جا رہی ہے تاکہ انسانی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔صوبے بھر میں ”کورونا“ ویکسین مہم میں ملتان ٹاپ اضلاع میں شامل ہے جبکہ جنرل بس سٹینڈ اور عوامی مقامات پر بھی ویکسی نیشن کیمپ لگائے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

جنوبی پنجاب میں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے وژن کے مطابق میگا ترقیاتی سکیموں پر تیزی سے کام جاری ہے تمام منصوبوں کے فنڈز ٹارگٹ کے مطابق استعمال کرتے ہوئے واسا سکیموں سمیت تمام منصوبوں کی انسپیکشن کیلئے فزیکل آڈٹ کا آغاز کیا گیا ہے۔عوام کے ٹیکس پر شب خون مارنے والوں کا کڑا احتساب کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ رواں مالی سال کے اختتام تک ہر صورت اہداف حاصل کئے جا سکیں۔

نشتر ٹو سے لاڑ،عید گاہ سے چوک کمہار نوالہ روڈ کی اپ گریڈ ایشن کی منظوری بھی ہو چکی ہے جبکہ سی پی او کمپلیکس پر 338 ملین اور چوک کمہار نوالہ روڈ پر 1565 ملین لاگت آئے گی۔ایمرسن کالج کی اپ گریڈ ایشن اور ٹراما سنٹر قادر پور راں منصوبہ بھی شروع ہے جبکہ ایم ڈی اے سے لودھی کالونی روڈ پر بھی جلد کام کا آغاز ہو گا۔عوام کو مہنگائی کے اثرات سے بچانے کیلئے ضلعی انتظامیہ نے گرانفروشی اور ذخیرہ اندوزی کیخلاف کارروائیاں بھی تیز کر دیں ہیں اس سلسلے میں 50 سے زائد دکانداروں کو 5 لاکھ سے زائد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔


ایگریکلچر ٹرانسفارمیشن پلان وزیر اعظم کا انقلابی منصوبہ ہے یہ منصوبہ حکومت پنجاب کی کسان دوست پالیسیوں کا عکاس ہے اس سے فصلوں کی پیداوار بڑھانے میں مدد ملے گی۔فوڈ سکیورٹی کے حصول کو ممکن بنانے کے لئے زرعی آلات کے استعمال سے فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ناگزیر ہو چکا ہے اس منصوبے کے تحت کے کاشتکاروں کو زرعی آلات مشینوں کی خرید کیلئے 60 فیصد تک سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے۔

ایک کاشتکار کو زیادہ سے زیادہ 5 لاکھ روپے تک سبسڈی فراہم کی جائے گی،قرعہ اندازی کے ذریعے کامیاب کاشتکار اپنی مرضی کے زرعی آلات منتخب کر سکتے ہیں۔مشینی زراعت کے فروغ سے کاشتکار زمین کی تیاری سے فصلوں کی کاشت و برداشت تک کاشتی امور کی بروقت انجام دہی ممکن بنا سکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار وزیر زراعت پنجاب سید حسین جہانیاں گردیزی اور سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے وزیر اعظم ایگریکلچر ٹرانسفارمیشن پلان کے تحت کاشتکاروں میں زرعی آلات کے الاٹمنٹ لیٹرز تقسیم کرنے کیلئے منعقدہ تقریب میں کیا اس موقع پر زرعی ٹاسک فورس جنوبی پنجاب عابد محمود کھگہ،ڈائریکٹر زرعی انجینئرنگ اسد اللہ راشد سمیت دیگر افسران اور کاشتکار بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ زرعی مشینری کے استعمال سے فصلوں کی کاشت کے وقت زرعی مداخل کے بہتر استعمال کے ذریعے توانائی اور وقت کی بچت ہو گی اس منصوبے کے تحت پنجاب کے تمام اضلاع میں 3190 کاشتکاروں کو مختلف زرعی آلات فراہم کئے جا رہے ہیں اس 5 سالہ منصوبے کیلئے 8 ارب 77 کروڑ روپے کی رقم مختص کی گئی ہے۔
کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے جنوبی پنجاب میں سیمینارز اور واک کا اہتمام کیا گیا،مرکزی تقریب ضلعی انتظامیہ ملتان کے زیر اہتمام رضا ہال میں ہوئی جس میں شہریوں،سماجی و سیاسی شخصیات نے کثیر تعداد نے شرکت کی۔

معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب و ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب خطے کی ترقی و خوشحالی کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لے کر انہیں بروقت مکمل کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئیں ہیں۔جنوبی پنجاب بدل رہا ہے پنجاب بدل رہا ہے کیونکہ تاریخ میں پہلی مرتبہ وسائل کا رُخ پسماندہ علاقوں کی طرف موڑ دیا گیا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے اہل بہاولپور کو صحت کارڈ کا تحفہ دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف حکومت کی ترقی کا سفر ہے تو دوسری طرف اپوزیشن کی منفی سیاست، پراپیگنڈا اور سازشوں کی داستان ہے۔اپوزیشن جماعتوں میں دم خم ہوتا تو ملک کو 30 برس میں ترقی کی راہ پر گامزن کر لیتے یہ کرپٹ سیاستدان صرف اپنی کرپشن بچانے کیلئے ہاتھ پاؤں مار رہے ہیں۔

اپوزیشن ایک دوسرے کے ساتھ مخلص نہیں قوم سے کیا مخلص ہو گی۔نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ سے واضح ہو گیا کہ ان کو کوئی بیماری لاحق نہیں۔نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ میں سب باتیں مفروضوں اور دلی خواہش پر مبنی ہیں یہ ثابت ہو گیا نواز شریف احتساب کے خوف سے لندن بیٹھے ہوئے ہیں۔نواز شریف وطن لوٹ آئیں صحت کارڈ سے ان کی چھوٹی موٹی بیماریوں کا بہترین علاج ہو سکتا ہے۔ڈیل اور ڈھیل نہ ملنے سے نواز شریف کی مایوسی میں اضافہ ہو رہا ہے۔قوم نے مافیا کو مسترد کر دیا ہے ہر گزرتا دن مافیا کے گرد احتساب کا شکنجہ مزید کسا جا رہا ہے۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا مضمون نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

متعلقہ مضامین :

Agriculture Transformation Plan - Kisaan Dost Policiyon Ka Akkas is a national article, and listed in the articles section of the site. It was published on 19 February 2022 and is famous in national category. Stay up to date with latest issues and happenings around the world with UrduPoint articles.