ملتان ضلعی انتظامیہ نے انتخابی مہم میں رکاوٹیں ڈالنا شروع کر دیں ،

بلاول بھٹو کا انتخابی مہم جاری رکھنے کا اعلان انتظامیہ پیشگی اجازت کے باوجود چیئرمن پیپلز پارٹی کی انتخابی مہم میں رکاوٹیں ڈال رہی ہے ،کئی مقامات پر خطاب کرنے سے روک دیا گیا‘ترجمان انتخابی مہم چلانا میرا آئینی حق ہے، جتنی مرضی رکاوٹیں ڈالیں جائیں، انتخابی مہم جاری رکھوں گا،کارکن پرامن رہیں ‘چیئرمین پیپلز پارٹی

پیر 9 جولائی 2018 20:43

ملتان ضلعی انتظامیہ نے انتخابی مہم میں رکاوٹیں ڈالنا شروع کر دیں ،
ملتان /لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جولائی2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی نے الزام عائد کیا ہے کہ ملتان میں بلاول بھٹو کی انتخابی مہم میں انتظامیہ نے رکاوٹیں ڈالنا شروع کر دی ہیں ، ضلعی انتظامیہ پیشگی اجازت کے باوجود چیئرمن پیپلز پارٹی کی انتخابی مہم میں رکاوٹیں ڈال رہی ہے اور انہیں ملتان کی ضلعی انتظامیہ نے کئی مقامات پر خطاب کرنے سے روک دیا ہے، اجازت کے باوجود بلاول بھٹو کو روکنا سمجھ سے بالاتر ہے جبکہ چیئرمن پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے رکاوٹوں کے باوجود انتخابی مہم جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرا سفر جاری رہے گا، کارکن پرامن رہیں اور انتخابی مہم میں بھرپور حصہ لیں۔

ترجمان مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ پشاور انتظامیہ نے بھی جلسے کیلئے دی گئی اجازت مسنوخ کر دی ہے، پشاور میں جس مقام کیلئے اجازت لی تھی اب انتظامیہ اس مقام پر اجازت دینے سے انکاری ہے، الیکشن کمیشن ان رکاوٹوں کا نوٹس لے اور انتظامیہ کے خلاف کارروائی کرے،الیکشن کمیشن بتائے کہ ایک جماعت کے سربراہ کو مہم سے روک کر کس طرح انتخابات کروائے جا سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تمام رکاوٹوں کے باوجود بلاول بھٹو ملتان میں شیڈیول کے مطابق دورا کریں گے، بلاول بھٹو پشاور اور دیگر علاقوں میں اپنے پروگرام کے مطابق جائیں گے، انتظامیہ کی رکاوٹیں غیرقانونی ہیں، انتظامیہ جتنی رکاوٹیں ڈال سکتی ہے ڈال کے دیکھ لے۔دوسری جانب چیئرمن پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے رکاوٹوں کے باوجود انتخابی مہم جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ کی پیشگی اجازت کے باوجود ہمیں انتخابی مہم سے روکنے کی کوشش کی جارہی ہے، میرے استقبال کے لیے آنے والے جیالوں کو روکا جارہا ہے، تمام رکاوٹوں اور پابندیوں کے باوجود میں انتخابی مہم جاری رکھوں گا۔

انہوں نے کہا کہ اوچ شریف کے بعد انتظامیہ ملتان میں بھی میری انتخابی مہم میں رکاوٹ ڈال رہی ہے، پشاور میں جلسے کی مقام کی دی گئی اجازت تک واپس لے لی گئی ہے، یہ رکاوٹیں مجھے انتخابی مہم چلانے سے روکنے کے مترادف ہیں، ایک سیاسی جماعت کے سربراہ کی حیثیت میں انتخابی مہم چلانا میرا آئینی حق ہے، جتنی مرضی رکاوٹیں ڈالیں جائیں، انتخابی مہم جاری رکھوں گا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ اپنا پیغام لے کر ملک کے کونے کونے اور گلی گلی جائوں گا، کراچی سے شروع ہوا یہ سفر خیبر تک جاری رہے گا، ہمیں ایسے ہتھکنڈوں سے عوام میں جانے سے روکا نہیں جا سکتا، میرا سفر جاری رہے گا، کارکن پرامن رہیں اور انتخابی مہم میں بھرپور حصہ لیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں