پیپلز پارٹی قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتی ہے ،قیادت نے ناکردہ گناہوں کی بھی سزائیں بھگتیں‘عزیز الرحمن چن

منگل 10 جولائی 2018 15:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جولائی2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی لاہور کے صدر حاجی عزیز الرحمن چن نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتی ہے جس کی وجہ سے پیپلز پارٹی کی قیادت نے ناکردہ گناہوں کی بھی سزائیں بھگتیں۔ یہاں سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مخالف حکومتوں کی طرف سے انتقامی کاروائی کے نتیجے میں بننے والے تمام الزامات کا سامنا سابق صدر آصف علی زرداری نے عدالتوں میں کیا اور وہ سرخرو ہوئے۔

(جاری ہے)

مخالفین آج تک اُن پر کسی قسم کی کرپشن ثابت نہیں کر سکے۔ عمران خان آصف علی زرداری کے متعلق بیان دے کر سیاسی نا پختگی مظاہرہ کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے ملک میں گند کی سیاست کو فروغ دیا ہے۔ جس سے ملک میں انتشار کی فضا بن چکی ہے۔ اس انتشار کا فائدہ غیر جمہوری طاقتیں اُٹھائیں گی۔ عمران خان کو جمہوریت سے متعلق پڑھنا ہو گا۔ اس لئے وہ جمہوریت کا سبق پیپلز پارٹی سے سیکھیں جس نے جمہوریت کی خاطر قربانیاں دیں پیپلز پارٹی کی طویل جدوجہد سے ملک میں جمہوریت اب تن آور درخت بن چکی ہے عمران خان اس درخت کی شاخوں کو کاٹ کر جمہوریت کو کمزور نہ کریں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں