صوبائی نگران حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے تمام امیدواروں کو تحفظ فراہم کریں‘میاں مقصود احمد

ایم ایم اے کامیاب ہو کر ملک کو دہشت گردی سے پاک ور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائے گی ‘امیر جماعت اسلامی پنجاب

جمعہ 13 جولائی 2018 16:38

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جولائی2018ء) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے ایم ایم اے کے رہنما اور امیدوار اکرم دورانی کے قافلے پر حملے اور اس کے نتیجہ میں ہلاکتوں پر شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی نگران حکومت اور قانون نافذ کرنے والے تما م ادارے امیدواروں کو تحفظ فراہم کریں ،ابھی چند دن قبل پشاور میں اے این پی کے صوبائی اسمبلی کے امیدوار ہارون بلور کو ایک خودکش حملے میں جان بحق کر دیا گیا ابھی پشاور واقعہ کا غم لوگ بھول نہیں پائے تھے کہ دوسرا حملہ ہو گیا جس کی جتنی مذمت کی جائے اتنی ہی کم ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت ملک میں حالات ایسے وقت میں خراب کئے جا رہے ہیں جب پورے پاکستان میں انتخابات کا میدان سج چکا ہے ۔

(جاری ہے)

تمام سیاسی جماعتوں کے قائد ین و امیدواران اپنی اپنی انتخابی مہم چلا رہے ہیں اور عوام میں موجود ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ملک وقوم کو بحرانی کیفیت سے نکالنے کے لئے ضروری ہے کہ دہشتگردی،لاقانونیت ، کرپشن اورکرپٹ عناصرسے چھٹکارہ حاصل کیاجائے۔

جب تک ملک سے دہشتگردی اور کرپشن کا مکمل خاتمہ نہیں ہوجاتا تب تک ملک ترقی نہیں کرسکتا۔دہشتگردی کی نام نہاد جنگ میں پاکستان کے عوام نے لازوال قربانیاں دیں ہیں اور ملکی معیشت کو سوا سو ارب ڈالر کا ناقابل تلافی نقصان برداشت کرنا پڑا ۔مگر اس کے باوجوددنیا پاکستان کی قربانیوں کو تسلیم کرنے سے قاصر ہے ۔ میاں مقصو د احمد نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ایم ایم اے کامیاب ہو کر ملک کو دہشت گردی سے پاک کرئے گی اور 22کروڑ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائے گی ۔اب وقت آ گیا ہے کہ بزدل قیادت سے نجات حاصل کی جائے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں