حالیہ خود کش حملے: انتخابی مہم میں عمران خان، بلاول بھٹو اور شہبازشریف کو وزیر اعظم کے برابر سکیورٹی فراہم کرنے کا فیصلہ

انتخابی مہم کے دوران امیدواروں اور تمام سیاسی جماعتوں کی قیادت کو مناسب سیکورٹی فراہم کی جائے گی ۔نگران وزیرداخلہ پنجاب

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 18 جولائی 2018 12:16

حالیہ خود کش حملے: انتخابی مہم میں عمران خان، بلاول بھٹو اور شہبازشریف کو وزیر اعظم کے برابر سکیورٹی فراہم کرنے کا فیصلہ
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔18جولائی۔2018ء) نگران وزیر داخلہ پنجاب شوکت جاوید نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں حالیہ خود کش حملوں کے بعد انتخابی مہم کے دوران عمران خان، بلاول بھٹو اور شہبازشریف سمیت سیاسی جماعتوں کی اعلیٰ قیادت کے سکیورٹی پروٹوکول کو اپ گریڈ کرتے ہوئے انہیں وزیر اعظم کے برابر سکیورٹی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شوکت جاوید نے اس یقین کا اظہار کیا کہ انتخابی مہم کے دوران امیدواروں اور تمام سیاسی جماعتوں کی قیادت کو مناسب سیکورٹی فراہم کی جائے گی اور امن و امان اور سیاسی قیادت کی سکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف منصفانہ، آزادانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات کا انعقاد بلکہ تمام امیدواروں کو سکیورٹی فراہم کرنا بھی پنجاب کی نگران حکومت کی ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

وزیر داخلہ پنجاب نے کہا کہ ان امیدواروں اور سیاسی رہنماوں کو خصوصی سکیورٹی فراہم کی جائے گی جن کی زندگی کو خطرات درپیش ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولنگ کے دن پر امن اور سازگار ماحول کی فراہمی بھی نگران صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے اس لئے اس امر کو یقینی بنایا جائے گا کہ عوام کو ہر لحاظ سے جان و مال کا تحفظ فراہم کیا جائے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے منفی پروپیگنڈا کو مستردکرتے ہوئے کہا کہ 13 جولائی کو نواز شریف کی لندن سے واپسی کے دن پنجاب حکومت نے لا اینڈ آرڈر کی صورتحال کے پیش نظر منصوبہ بندی کرتے ہوئے لاہور میں کسی بھی غیر معمولی واقعہ سے بچنے کے لئے میرٹ پر اقدامات اٹھائے تھے اور مختلف حلقوں سے اس پر تنقید مخصوص مقاصد کیلئے کی جا رہی ہے جوبلا جواز ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ذمہ داری ہے اور ہم اس میں کامیاب رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نگران حکومت کا کسی سیاسی کارکن کو غیر قانونی طور پر گرفتار کرنے کی کوئی منصوبہ نہیں ہے تاہم اگر کسی نے قانون کو ہاتھ میں لینے کی کوشش کی تو ان کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔ شوکت جاوید نے کہا کہ یہ تاثر بالکل غلط ہے کہ نگران حکومت کسی ایک یا مخصوص سیاسی جماعت کو نشانہ بنا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کسی کو بھی ٹارگٹ نہیں کر رہے کیونکہ ہماری ذمہ داری کسی بھی امتیازی سلوک کے بغیر تمام امیدواروں کو منصفانہ اور شفاف انتخابات کیلئے یکساں مواقع مہیا کرنا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں