لاہور ہائیکورٹ کا سابق پولیس انسپکٹر عابد باکسر کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم

بدھ 18 جولائی 2018 18:12

لاہور ہائیکورٹ کا سابق پولیس انسپکٹر عابد باکسر کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم
لاہور۔18جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب پولیس کے سابق انسپکٹر عابد باکسر کی جان کے تحفظ سے متعلق دائر درخواست پر سابق عابد باکسر کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس انوارالحق نے کیس کی سماعت کی۔ عدالتی حکم پر وفاقی حکومت کی جانب سے ڈپٹی اٹارنی جنرل ظفر گیلانی نے عدالت کو بتایا کہ عابد باکسر کو انیس فروری کو دبئی سے پاکستان منتقل کر دیا گیا تھا، جس پر عدالت نے عابد باکسر کو ستائیس جولائی کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا،عدالت نے آئندہ سماعت پر ڈائریکٹر ایف آئی اے کو بھی ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔

عابد باکسر کے سسر جعفر رفیع نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ عابد باکسر کو دبئی پولیس نے انٹر پول کی مدد سے گرفتار کیا اور پاکستان کے حوالے کر دیا، انہوں نے کہا کہ مقامی پولیس کی جانب سے عابد باکسر کی جان کوخطرہ ہے کہیں اس کو پولیس مقابلہ میں نہ مار دیا جائے،عابد باکسر کے خلاف درج مقدمات کا ریکارڈ عدالت میں طلب کیا جائے، آئین کے آرٹیکل دس اے کے تحت عابد باکسر کو شفاف ٹرائل کا حق دیا جائے ،انہوں نے مزید استدعا کی کہ عدالت عابد باکسر کو پولیس مقابلہ میں مارنے سے روکنے اور زندہ سلامت پیش کرنے کا حکم دے۔

(جاری ہے)

عدالت نے کیس کی مزید سماعت ستائیس جولائی تک ملتوی کر دی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں