
سنو ! یہ آواز کیسی ہے ؟
اتوار 26 جولائی 2015

انوار ایوب راجہ
کیا وقت بانجھ ہے؟
کیا وقت کی کھیتی سے کبھی کچھ نہیں اگا ؟
وقت شوخ حسینہ بھی ہے اور بد مست حسن بھی ، وقت شراب شیراز بھی ہے اور زہر کا پیالہ بھی یہ ہوا کا جھونکا بھی ہے اور امید کی کرن بھی ، یہ ظالم بھی ہے اور مظلوم بھی ، یہ رقص کرتی جوانی بھی ہے اور بکھرے لفظوں کی اک کہانی بھی !
یہ جب چاہتا ہے با آواز بلند کہتا ہے "انا الحق" اور سب کچھ رک جاتا ہے!
کافر بھی وقت ہے ، مسلم بھی وقت، کہیں ٹن ٹن ٹن کرتے بیلوں کے گلے میں بندھے "ٹلے" اس کی زبان بن جاتے ہیں اور کہیں اس کی آواز توپوں کے دہانوں سے نکلتی ہے .
(جاری ہے)
رفتار تو دیکھو اس کی ، یہ رفتار کے پیمانے سے ماپا بھی نہیں جا سکتا مگر یہ ابھاگا ہے!
کیوں؟
یہ بد رنگ اور بد صورت ہے . یہ وہ بد نصیب دلہن ہے جس نے جب اپنا وجود جھلسایا تو اپنے سہاگ اور ساری بارات کو شعلوں کی نظر کر دیا . وقت ایک انتقام ہے جو تاریخ بنتا جا رہا ہے ، ہم سب کا دشمن وقت جو ہمارے قابو میں نہیں !
بین کرتی ڈائن ہے یہ وقت ! کون کہتا ہے وقت ہمیں بدل دیتا ہے ! وقت خود بدلتا ہے اور کبھی نظریں نہیں ملاتا ، کم ظرف ، اوچھا، بے ضمیر وقت !
ہائے یہ ظالم وقت نہیں رکتا بس نہیں رکتا ، ہائے یہ بے وفا وقت ! بین کرتے ہوئے اس عورت نے جب اپنے گھر میں ٹھنڈا چولہا دیکھا تو وہ یہی بولی تھی، وقت بڑا ظالم ہے !
کیا اسے وقت کی آواز آئی تھی؟ شائد نہیں ، اگر آ جاتی تو یہ کبھی نہ کہتی !
یہ وقت نہ جانے کتنی جوانیاں کھا گیا !
نا جانے کتنے موسم ، کتنی رنگینیاں ، کتنے ساون ، کتنے بادل اور کتنی مسکراہٹیں اس وقت نے اپنی مشین کیآہنی دانتوں میں کچل کے رکھ دیں اور ایک بار بھی اس کی آنکھ سے کسی کے غم میں ایک آنسو بھی نہ بہا کیونکہ یہ بانجھ ہے، اس کی کوکھ سے احساس کی اولاد نے جنم ہی نہیں لیا .
وقت ایک میٹھا اور سحر انگیز زہر ہے جس کا نشہ مخمور کرتا ہے اور پھر کچل دیتا ہے ، اپنے آہنی دانتوں میں دبوچتا ہے ، آہستہ آہستہ کچلتا ہے اور فنا کر دیتا ہے . اس سے کوئی جیت پایا ہے کبھی ؟
کوئی نہیں ، کوئی بھی تو نہیں!
بس آہستہ آہستہ سب ان آہنی دانتوں میں پھنسنے والے ہیں ، میں بھی ! بس کچھ دیر ہے لیکن وہ آ رہا ہے میری جانب ، مجھے آواز آ رہی ہے !
کر کر کر کر کر !!
ابھی میرا وقت نہیں آیا .، ابھی کچھ دیر ہے ، ابھی لفظوں کی مہندی سے میں نے اس وقت کی اجاڑ اور نرم ہتھیلی پر کچھ اور نقش بنانے ہیں ، مجھے اس کی مانگ سجانی ہے ، مجھے اس کو سچ اور جھوٹ کے لباس بھی پہنانے ہیں اور اس کے چنچل سے بدن کی پوجا کرنی ہے ، میں سنکھ بجاوٴں گا ، میں شہنائی سے اس کے کانوں میں رس گھولوں گا ، میں پاپوش بن کر اس کے قدموں کو چوموں گا مگر پھر آہنی دانتوں میں ایک دن کچلا جاوٴں گا .
بس وقت آنے کی دیر ہے !
بس وقت بدلنے کی دیر ہے !
یہی سنا ہے اور یہی سنتے رہیں گے کہ وقت سب کو ایک موقع دیتا ہے ، ایک موقع ، وہ ایک موقع ملتا ہے مگر اس موقعے کے ملنے کے بعد ہی آہنی دانتوں کی آواز میں ہیجان آ جاتا ہے . وقت کے آہنی دانتوں میں، اسی بدلے ہوئے وقت کے آہنی دانتوں میں ! سنو کیا کہہ رہا ہے ؟
کر کر کر کر کر !!
پھر وہ غائب ہو جاتا ہے جس کا وقت بدلا ہوتا ہے اور وقت کسی اور گھر میں کسی اور کو کچلنے چلا جاتا ہے اور کوئی ابھا گی اپنے یتیم کے سر پر ہاتھ رکھ کر کہتی ہے " صبر کرو وقت ایک سا نہیں رہتا ".
میرا بائی نے کہا تھا :
"لکڑی جل کوئلہ بھئی، کوئلہ جل بھئی راکھ
او میں ابھاگن ایسی جلی، نہ بھئی کوئلہ نہ بھئی راکھ"
لکڑی جل گئی ، کوئلہ راکھ ہوا مگر کر کر کر کر کر کی آواز نہ رکی ! سنو ذرا دھیان لگا کر سنو ، یہ تمھاری طرف آ رہی ہے ! بچ سکتے ہو ؟ چھپ سکتے ہو ؟ اسے دھوکہ دے سکتے ہو ؟ نہیں ، نہیں ، نہیں کوئی نہ چھپا ہے اس سے ، کوئی نہ بچا ہے اس سے اور نہ ہی اس کے چنگل سے کبھی کوئی نکل سکا ہے . یہ کوئی بٹن نہیں کہ جس پر آن / آف لکھا ہوتا ہے ، یہ وقت ہے ، سنو آواز آ رہی ہے !کر کر کر کر کر !! کر کر کر کر کر !! کر کر کر کر کر !!
ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
تازہ ترین کالمز :
انوار ایوب راجہ کے کالمز
-
سچ گونجتا رہے گا
پیر 27 اپریل 2020
-
میں اور میرا گیدڑ
پیر 13 اپریل 2020
-
تاریخ
پیر 29 اپریل 2019
-
محمد مالک کا یوٹوپیا، بلوائی اور زینب کی لاش
اتوار 14 جنوری 2018
-
میں زندہ ہوں
پیر 25 ستمبر 2017
-
مملکت کا کام نہیں رکتا
اتوار 17 ستمبر 2017
-
بیڈ نمبر ایک کا مریض
جمعہ 13 مئی 2016
-
طاہر شاہ ، اینجلز اور پانامہ لیکس
پیر 11 اپریل 2016
انوار ایوب راجہ کے مزید کالمز
کالم نگار
مزید عنوان
UrduPoint Network is the largest independent digital media house from Pakistan, catering the needs of its users since year 1997. We provide breaking news, Pakistani news, International news, Business news, Sports news, Urdu news and Live Urdu News
© 1997-2025, UrduPoint Network
All rights of the publication are reserved by UrduPoint.com. Reproduction without proper consent is not allowed.