کبھی ہمت نہ ہاریں!!

جمعرات 16 ستمبر 2021

Hamza Bin Shakil

حمزہ بن شکیل

زندگی پھولوں کی سیج نہیں ہے۔ یہاں اگر کامیابی ہے تو وہیں اس کے پیچھے کئی ناکامیاں چھپی ہیں اور جہاں خوشی ہے وہیں اس کے پیچھے کئی غم ہیں۔
ممکن ہے کہ آپ دنیا کے واحد شخص رہ جائیں جو آپ پر یقین رکھتا ہو، لیکن یہ کافی ہے۔ اگر انسان کو خود پر یقین ہو تو وہ کچھ بھی کر سکتا ہے۔ اللّه پاک نے سب انسانوں کو برابر بنایا ہے کسی کو کسی پر فوقیت نہیں دی۔

یہ ہم پر ہے کے ہم کتنی محنت اور لگن سے اپنا کام سر انجام دیتے ہیں۔ سب سے پہلے ہمیں خود سے مخلص ہونے کی ضرورت ہے۔
اللّه پاک نے انسان کے ہاتھ میں صرف محنت اور کوشش رکھی ہے باقی کامیابی وہ دیتا ہے۔ ہمارا کام مسلسل کوشش کرتے رہنا ہے کیوں کہ یہی کامیابی کی کنجی ہے۔ لہذا کبھی ہمت نہ ہاریں۔ اپنا کام پوری ایمان داری سے کریں اور باقی اللّه پر چھوڑ دیں۔

(جاری ہے)


قطرہ قطرہ کر کے ہی دریا بنتا ہے۔ کامیابی کوئی پلک جھپکتے نہیں مل جاتی۔ اس کے لیے دن رات ایک کرنا پڑتا ہے۔ آپ کسی بھی کامیاب شخص کی مثال اٹھا کے دیکھ لیں کوئی ایسا نہیں ملے گا جسے ایک رات میں کامیابی ملی ہو۔ ہر کامیابی کے پیچھے کئی نا كامیان بھی ہوتی ہیں۔ انسان ٹھوکریں کھا کر ہی سیکھتا ہے۔
ایک بات ہمیں ہمیشہ یاد رکھنی چاہئے کے محنت کبھی رائیگاں نہیں جاتی۔

اللّه پاک محنت کا پھل ایک نہ ایک دن انسان کو کسی نہ کسی شکل میں ضرور دیتا ہے۔ بے شک اللّه پاک بہترین انصاف کرنے والا ہے۔
ہم اپنی زندگی کے اس طویل سفر میں بعض اوقات کوئی کام شروع کرنے سے پہلے ہی ہار مان لیتے ہیں اور کبھی تو ہم منزل کے بہت قریب پہنچ کر مایوس ہو جاتے ہیں۔ زندگی میں کبھی ایسا موقع آئے تو خود سے وعدہ کریں کے مجھ سے جتنا ہو سکے گا میں اپنی طرف سے پوری جان لڑا دوں گا۔

ایسے میں اگر آپ ناکام ہو بھی گئے تو کبھی افسوس نہیں رہے گا زندگی میں بلکہ ضمیر مطمئن رہے گا۔
ہمیں یہ سمجھنا چاہیے کہ ہمارا مشکل وقت اکثر ہمیں ہماری زندگی کے عظیم ترین لمحات کی طرف لے جاتا ہے۔ مشکل حالات آخر میں مضبوط لوگوں کی تعمیر کرتے ہیں۔ ہمیں ناکامی سے نہیں ڈرنا چاہیے بلکہ کوشش نہ کرنے سے ڈرنا چاہیے۔
آج سے عہد کریں آئندہ مشکلات سے گھبرانے اور مایوس ہونے کے بجائے آپ پوری محنت اور لگن سے کام کریں۔ اپنی کوشش جاری رکھیں گے تب ہی کامیابی آپ کے قدم چومے گی۔ اللّه آپ سب کی مدد فرماۓ۔ امین

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :

متعلقہ عنوان :