المناک حادثات

ہفتہ 16 اکتوبر 2021

Khalid Mahmood Faisal

خالد محمود فیصل

گذشتہ دنوں ملتان کی دھرتی پر ایک بہت ہی افسوس ناک واقعہ پیش آیا جس نے ہر دل کو رنجیدہ کر دیا،اگر عام فرد کا یہ عالم تھا تو وہ گھرانہ جو براہ راست اس سے متاثر ہو ا اس کی کیفیت کیا ہو گی، سوشل میڈیا پر بھی گہرے دکھ اور کرب کا اظہار کیا جاتا رہا ، قوم کی ایک بیٹی ایک حادثہ کی نظر ہوگئی، ایک تیز رفتار رکشہ اسکی موت کا سبب بنا، امر واقعہ یہ ہے کہ زکریا یونیورسٹی کی ایک خاتون پروفیسر کی صاحبزادی اس وقت حادثہ کا شکار ہو گئی جب وہ اپنے مادر عملی سے وآپس بخوشی خوشی گھر جارہی تھی تھی، وہ جس رکشہ میں سوار تھے ،وہ اسکی مستقل سواری تھی جس میں وہ سوار ہو کر روزانہ گھر سے تعلیمی ادارہ حصول تعلیم کے لئے جاتی تھی لیکن اس روز اس کا سفر بخیر نہ ہو سکا اور یہ معصوم طالبہ موت کے منہ میں چلی گئی۔

(جاری ہے)

حادثہ کی جو تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی اس کو سامنے رکھا جائے تو قصور وار دونوں ڈرائیور قصور وارٹہرتے ہیں ،اخباری اطلاعات کے مطابق رکشہ ڈرایئور کو گرفتار کر لیا گیا تھا ۔
بحثیت مسلمان تو ہمارا ایمان ہے کہ موت کا ایک وقت مقرر ہے اس کے جو بھی اسباب ہوں ہمیں من وعن سر خم تسلیم کرنا پڑتا ہے تاہم ایک روایت بتاتی ہے کہ اس کے باوجود احتیاط کا دامن کسی صورت نہیں چھوڑنا چاہئے، کہا جاتا ہے کہ ایک دفعہ نبی آخرزمان ایک خستہ دیوار کے پاس سے گذر رہے تھے تو آپ نے یہ سفر بھاگ کر طے کیا، صحابہ  انکے ساتھ تھے انھوں نے اس کا سبب پوچھا کیونکہ آپ کا ہر عمل راہنمائی کے لئے ہوا کرتا تھا لہذا آپ نے فرمایا کہ میں خود موت کو دعوت نہیں دینا چاہتا، اس لئے اسلام میں خود کشی بھی حرام قرار دی گئی ہے اس طرح ہر وہ عمل جو جان لیوا ہو اس کی بھی ممانعت ہے۔

تیز رفتاری بھی اِسی زمرہ میں آتی ہے، لیکن ہماراقومی رویہ بن چکا ہے کہ ہم ہرحادثہ کو تقدیر کے کھاتے میں ڈال دیتے ہیں جبکہ قانون ہمیں اجازت دیتا ہے کہ جس عوامی ٹرانسپورٹ کمپنی کی گاڑی حادثہ کا شکار ہو جائے اس میں جانی نقصان ہو تو متاثرین کو ہرجانہ ادا کرنا اسکی تلافی کرنا ،کمپنی مالکان کے ذمہ ہے،عمومی رویہ توہے کہ ہم نرم دلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈرایئور کو معاف کر دیتے ہیں اس سے ان کے حوصلہ اور بلند ہو جاتے ہیں، پھر سے وہ لا پرواہی کا مظاہرہ کرتے رہتے ہیں، یہی معاملہ رکشہ ڈرائیور کا بھی ہے، جسکا عملی مظاہرہ ہر صبح کیا جاتا ہے وہ چھوٹے بچوں کوبھیڑ بکریوں کی مانند پرانے رکشوں میں لادتے ،بڑی رسکی ڈرائیونگ کرتے بچوں کی جان سے کھیل رہے ہوتے ہیں،شب وروز ہوتا ہے تماشہ میرے آگے والا معاملہ قانون کی عین ناک کے نیچے ہوتا ہے۔


حادثہ کی نذر ہونے والی یہ طالبہ نشتر میڈیکل کالج کی تھیں،رکشے والے کو کیا معلوم کہ یہ محض حادثہ نہیں تھا یہ اِن تمام خوابوں کی موت بھی تھی جو اس طالبہ نے اپنی آنکھوں میں سجا رکھے تھے، یہ قوم کی مسیحا بننے جارہی تھی، اس اعتبار سے یہ ایک لڑکی کی زندگی ہارنے کا واقعہ نہیں تھا بلکہ ایک قومی سانحہ بھی ہے ایک ایسی ریاست جہاں عام شہری کو صحت کی سہولیات کے لئے کسی اتائی پر انحصار کرنا پڑے وہاں اس طرح کی ڈاکٹر کسی غنیمت سے کم نہیں ہے، رکشہ ڈرایئور کی غفلت کی بھاری قیمت اس کے والدین کو بھی ادا کرنا پڑی ہے نجانے کتنی کاوشوں کے بعد اپنی پیاری بیٹی کو داخلہ دلوانے کروانے میں وہ کامیاب ہوئے ،جہاں ایک ایک نمبر کے لئے جینے اور مرنے کی صورت حال سے دوچار ہونا پڑتا ہے۔

وہ خواب جو والدین نے جاگتی آنکھوں سے دیکھے وہ ایک حادثہ سے چکنا چور ہو گئے۔اس گھرانے کی تو دنیا ہی بدل گئی ۔
اس المناک واقعہ نے ایک یاد کے زخم تازہ کر دیئے جس کا تعلق اسی نوع کے سانحہ سے ہے، یہ بھی حادثہ تھا ، سردیوں کے موسم میں جب شدید دھند پڑ رہی تھی، موٹر وے ابھی باضابطہ طور پر آپریشنل نہیں ہوئی تھی،ایک نجی کمپنی کی بس نے ملتان کی طرف رخ کیا تو ڈرایئور کو موٹر وے پر کھڑا ٹرالا نظر نہ آیا جس پر بھاری مشینری لوڈ تھی،نتیجہ کے طور پر بس پوری شدت سے اس سے ٹکر ا گئی،جس سے جانی نقصان ہوا، اس میں وہ طالبہ بھی شامل تھی جو کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج سے اپنی ڈگری لے کر اپنے گھر کی جانب محو سفر تھی کہ حادثہ کا شکار ہوگئی ،اس بدقسمت لیڈی ڈاکٹر کا تعلق تونسہ سے تھا،حادثہ الصبح پیش آیا تھا، ذرا چشم تصور میں لائے جب اسکے والدین کو یہ قرب انگیز خبر ملی ہوگی تو کس طرح اِنکی امیدوں پر پانی پھر گیا ہوگا، اس کیفیت کو بھلا ڈرایئوروں کی مخلوق سمجھ سکتی ہے، جو انسانوں کی قدروقیمت سے نابلد ہے ، ان دونوں حادثات سے انتظامیہ کو قطعی بری الذمہ قرار نہیں دیا جاسکتا۔

جنکی غفلت نے دو قیمتی جانوں لے لیں۔
ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ذمہ دار ان نے اپنے ڈرایئور کی کیا تربیت کی ہے، کہ وہ دن کے اجالے میں چلتی ٹریفک میں کوڑا کرکٹ اُٹھا رہے ہوتے ہیں، اس صورت حال میں غفلت کا مرتکب ہونا تو لازمی امر ہے۔
ایک طرف ٹریفک قوانین کی کھلی خلاف ورزیاں تو دوسری جانب ہیوی ٹریفک کی رش آورز میں شہر میں داخلہ کسی بڑے حادثہ کا پیش خامہ ثابت ہو سکتا ہے،ٹریکٹر ٹرالی کے خطرناک حادثات اس سے پہلے بھی ہو چکے ہیں، لیکن اِن پر کوئی قدغن نہیں ہے، کم از کم تعلیمی اداروں کے اوقات کار میں تو ان پر شہر میں داخلہ کی پابندی ہونی چاہئے، نیز چنگی رکشہ کو چلانے والے نو عمر لڑکے بھی حادثات کی وجہ بنتے ہیں،جنوبی پنجاب کا صدر مقام ٹریفک کے اشاروں سے تاحال محروم ہے جو ٹریفک کنٹرول کرنے کے لئے پوری دنیا میں لازم خیال کئے جاتے ہیں، شہر میں انکا وجود سرے سے ہی نہیں ہے، ان حالات میں ٹریفک کو بھلا کیسے کنٹرول کیا جا سکتا ہے؟
سگنل کی عدم موجودگی کا دباؤ ٹریفک عملہ پر بڑھ رہا ہے، ہر چوراہے میں اِنکی ضرورت شدت سے محسوس کی جارہی ہے، اسکی بڑی وجہ یہ بھی ہے بے ہنگم ٹریفک کو زیادہ خطرناک غلط سمت سے آنے والی ٹریفک بناتی ہے، زیادہ مرتکب رکشہ ڈرایئور اور موٹر سائیکل سوار ہوتے ہیں، بعض گاڑیوں والے بھی شارٹ کٹ کے چکر میں ٹریفک کے مخالف سمت سفر کرتے ہیں ،دنیا میں کہیں بھی ٹریفک کے مخالف بہاؤ کی طرف سفر نہیں کیا جا تا لیکن ہمارے شہر میں یہ مشق تواتر سے دہرائی جاتی ہے، کیونکہ قانون کی گرفت سے ایسے ڈرایئور صاف بچ نکلنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں۔


اس شہر کو سیف سٹی بنانے کے لئے عملی اقدامات اٹھانا ہوں گے، جسکے لئے ٹریفک کو مہذب بنانا بھی شامل ہے،بصورت دیگر اس نوعیت کے حادثات کا ایندھن وہ افراد بنتے رہیں گے،جو بے قصور ہیں ،ان کا جرم صرف اتنا ہی ہے کہ انھوں اس شہر میں جنم لیا ہے، سیکورٹی کے جلو میں رخت سفر باندھنے والے حاکم وقت کیا جانے کہ جواں اولاد کا دکھ کتنا گہرا ہوتا ہے، جسکی تلافی محض تعزیتی الفاظ کی ادائیگی سے ممکن نہیں،حسن ظن ہی ہے کہ ارباب اختیار اب کسی بڑے سانحہ سے پہلے اپنی گورننس کو مثالی بناتے ہوئے شہریوں کی زندگیوں کو محفوظ بنا کر اپنا فرض ادا کریں گے جو ان پر قرض بھی ہے۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :

Your Thoughts and Comments

Urdu Column Alamnak Hadsaat Column By Khalid Mahmood Faisal, the column was published on 16 October 2021. Khalid Mahmood Faisal has written 168 columns on Urdu Point. Read all columns written by Khalid Mahmood Faisal on the site, related to politics, social issues and international affairs with in depth analysis and research.