کہاجاتا ہے کہ خبر کا انٹرو ہی پوری صحافت پر بھاری ہوتا ہے جس نے انٹرو لکھنا سیکھ لیا‘ وہ صحافت بھی سیکھ گیا‘ آج اپنے پیارے دوست‘ مہربان‘ مخلص انسان ناصر علی زیدی پر کچھ لکھنا چاہتا ہوں اور انٹرو نہیں بن رہا‘ ناصر زیدی سے تعلق1979 میں اس وقت قائم ہوا جب اسلامی جمعیت طلبہ جوائن کی‘ اس وقت کے ہم عصر ساتھیوں میں اگر کسی کو اردوبولنے اور لکھنے پر ملکہ حاصل تھا تو وہ ناصر زیدی ہی تھے‘ اظہر اقبال بتاتے ہیں کہ ایک عرصہ ہوا‘ اب وہ اپنا نام ناصر علی شاہ لکھتے تھے ‘ جمعیت سے تعلق قائم ہونے سے تعلیم مکمل ہوجانے تک‘ جمعیت میں ایک مثالی کارکن کے طور پر رہے ایسے مثالی کارکن تھے کہ جن میں اخلاص‘ ایثار‘ احسان کے علاوہ اور کچھ نہیں تھا‘ ایک مکمل درویش انسان‘ فیصل آباد جیسے پنجابی ماحول کے شہر میں سید ناصر علی شاہ کی نہایت نکھری ہوئی اردو بولتے تھے دیمے لہجے میں اردو میں ان کی بات چیت بہت بھلی معلوم ہوتی تھی‘ اور کبھی کبھی تو ہمیں اجنبی سی بھی لگتی تھی‘ دو روز قبل ان کے انتقال کی خبر ملی‘ یقین نہیں آیا تھا کہ وہ اب ہم میں نہیں رہے لیکن اطلاع دینے والی شخصیت بہت معتبر تھی‘ لہذا یقین کرنا پڑا‘ بہر حال تفصیلات کے لیے طاہر ایوب اور عبدالمجید سے رابطہ کیا‘ تو کچھ تفصیلات ملیں‘ اظہر اقبال‘ جنہیں ہم کوریاں والے کہتے تھے‘ ان کی والدہ ماجدہ کا مبارک چہرہ آج بھی ذہن پر نقش ہے‘ دوسرے اظہر قبال حسن زرعی یونیورسٹی والے تھے‘ اظہر اقبال کے ساتھ مرحوم کی یادیں تازہ ہوئیں‘ سید ناصر علی شاہ ہم سب کے لیے یکساں احترام کے قابل تھے‘ حق مغفرت کرے‘ مرحوم عجب آزاد منش انسان تھے‘ ایک کامل ولی تھے‘ ان میں غرور تھا نہ احساس کمتری‘ ہر وقت دوسروں کی مدد کرنا اور حتی کہ تعلیم کے معاملے میں رہنمائی کرنا بھی ان پر ختم تھا‘ جگت بھی اردو میں کرتے‘ فیصل آباد دیسی شہر ہے اور پنجابی بولی جاتی ہے ویسے بھی جگت پنجابی میں ہی سمجھ آتی ہے۔
(جاری ہے)
۔۔
بہر حال ان کی جگت کسی کو سمجھ آتی اور کسی کو نہ آتی‘ مگر اس جگت میں کوئی میسج ضرور ہوتا تھا‘ ان کی شخصیت پر جتنا بھی لکھا جائے اور بولا جائے کم ہے‘ اہل فیصل آباد میں تعزیتی ریفرنس کی عادت یا ماحول نہیں ہے‘ ناصر بھائی کے لیے ضرور کوئی تعزیتی ریفرنس ہونا چاہیے‘ چلیے اسی سے ہی اس کام کاآغاز ہوجائے تو بہتر ہوگا‘ اسلام آباد میں ضرور ان سے متعلق ریفرنس رکھیں گے اگرچہ اسلام آباد بھی اپنے سماجی مزاج کے اعتبار سے ایک یکتا شہر ہے‘ یہاں تو کوئی ہمسایہ اپنے دوسرے ہمسائے سے واقف نہیں ہے‘ دن دیہاڑے اگر کوئی اجنبی گھر میں داخل ہوکر سامان کیری وین پر لاد کر لے جارہا ہو تو ہمسائے دیکھتے رہتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ ہمارا ہمسایہ کسی دوسرے گھر میں شفٹ ہورہا ہے ‘معراج الحق صدیقی‘ سے پہلا تعارف اور پہلی ملاقات بھی چالیس سال قبل ہوئی وہ میرے ہمسائے ہیں‘ باالکل ساتھ والا گھر‘ چھت سے چھت اور دیوار سے دیوار جڑی ہوئی ہے اس کے باوجود ان سے میری ملاقات کوئی چار پانچ سال کے بعد ہوئی تو ہم دونوں کو معلوم کہ ہم ایک دوسرے کے ہمسائے ہیں‘ ان سے ”واقفیت“ ہوجانے کے بعد مشتاق احمد‘ شفقت محمود قیصر‘ ارشاد گوندل‘ حافظ عطا الرحمن‘ ڈاکٹر طاہر اعظم اور محمد یسین( محمد آباد والے) سے رابطہ ہوا‘ یہ سب ناصر زیدی کے ہم عصر اورقافلہ راہ حق کے مسافر ہیں‘ مرحوم سے اَنگنت ملاقاتیں رہی ہیں‘ بے شمار دلچسپ و یادگار واقعات ہیں‘ بیان کرنا چاہیں تو کتاب لکھی جاسکتی ہے ۔۔
واقعات تو کافی ہیں اور لکھنے کا یارا تو ہے مگر حوصلہ نہیں ہے، جمعیت فیصل آباد میں ایک وقت تھا کہ کچھ بحرانی کیفیت آئی تھی‘ کچھ کاوزن دائیں پلڑے میں اور کچھ نے اپنا وزن بائیں پلڑے میں ڈالا‘ مگر ناصر بھائی نے کسی فرد کی بجائے اپنا وزن تنظیم کے پلڑے میں ڈالے رکھا اظہر اقبال نے ان کی تازہ فوٹو بھیجی ہے مگر ذہن میں ابھی تک ان کی وہی تصویر ہے جو چالیس سال پہلے تھی‘ وہ ایک بڑی روحانی شخصیت تھے کامل اصلیت تو یہ ہے کہ ڈاکٹر ناصر واقعی بڑے آدمی تھے، ہمیشہ دلیل کے ساتھ بات کرتے تھے اور دلیل سے ہی جواب قبول کرتے تھے ‘ سماجی رکھ رکھاؤ اور دینی نظریات میں پختہ تر تھے سچائی اور انسانیت کے بالمقابل وہ ہر چیز کو نیچے کر دیتے‘ جب بھی دیکھتے کہ کوئی کارکن وقت ضائع کرنے کا عادی بن رہا ہے تو اسے یہی کہتے کہ اللہ کے ولی جس مقصد کے لیے جمیعت میں آئے ہو بہتر ہے کہ وہی کرو‘ لفظ” اللہ کے ولی“ ان کا تکیہ کلام تھا وہ ہر اس کارکن کے لیے شمشیر بے نیام تھے جو دلیل کے بغیر بات کرتا‘ مرحوم اخوان المسلمون کے بانی شیخ حسن البنا اور مولانا مودودی کے شیدائی تھے حسن البنا بنیادی طور پر ایک اخلاقی مصلح تھے وہ اپنے کردار اور تقاریر سے دوسروں کو متاثر کرتے تھے‘ ناصر زیدی ان کے نقش قدم پر چلنے میں خوشی محسوس کرتے تھے‘ ان کے ساتھ گزرا ہوا وقت واقعی یاد گار ہے‘ رضاء الصطفی کو ان کے انتقال کی اطلاع تھی تو ان کی جانب سے وائس میسج آیا‘ ان کے الفاظ اور مرحوم کے لیے خراج عقیدت کے اظہار نے رلا کر رکھ دیا‘ ناصر زیدی شاید وہ واحد شخصیت تھی‘ جس کی کبھی کسی کے ساتھ ناراضی نہیں ہوئی تھی‘ جمعیت کے پورے دور میں انہیں سائکل پر دیکھا‘ ان کی سائکل بہت اسٹائلش تھی‘ سادہ لباس‘ کم خوراکی ان کی پہچان‘ بہت ہی نفیس انسان تھے‘ فیصل آباد میں ان دنوں ٹکا ٹک مشہور ہوا تھا‘ہم اسے ریفرنڈم کہتے تھے کہ ضیاء الحق کا ریفرنڈم بھی تازہ تازہ ہوا تھا‘ ہم میں بہت سے ساتھی اسے پسند کرتے مگر اس کی بجائے انہیں امین پور بازار کے سادہ دال چاول بہت پسند تھے‘ یقین جانیے ان کے انتقال پردل بہت ہی افسردہ ہے‘ نہ جانے یہ کرونا وائرس کتنی قیمتی جانیں بہا لے جائے گا
جو تیرے درد ہیں وہی سب میرے درد ہیں
کہنے کو اپنی اپنی جگہ فرد فرد ہیں
دھندلا گئے ہیں عکس نظر ہے بھنور بھنور
خوابوں میں بھی خیال کے آئینے گرد ہیں
پیشانیوں پہ وقت شکن در شکن نہیں
چہرہ بہ چہرہ لکھے ہوئے دل کے درد ہیں
اک دوسرے کو جان کے پہچانتے نہیں
ہم لوگ سارے ایک قبیلے کے فرد ہیں
ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔