بھیک مانگنے کا ٹرینڈ

جمعرات 22 اپریل 2021

Munazzah Nazim Khan

منزہ ناظم خان

معاشرے کی ایک ایسی برائی جو سڑکوں،درگاہوں،پیٹرول پمپ اور آج کل شاپنگ مالز اور شادی ہالز کے باہر بھی نظر آتی ہے وہ ہے ’گداگری‘۔ہمارے معاشرے میں آجکل’ بھیک مانگنے کا ٹرینڈ ‘چل چکاہے،کسی پیٹرول پمپ یا شاپنگ مالز کے باہر چھوٹے چھوٹے بچے ہاتھ میں کتابیں اور کھانے کی اشیاء لئے حاضر ہوتے ہیں کہ ان سے یہ چیزیں خرید لی جائیں لیکن قیمت پوچھنے پر وہ اصل سے دس گنا زیادہ قیمت بتابے ہیں اور جب خریدنے سے منع کر دیا جائے تو دست سوال دراز کرتے ہیں جو کہ انکا اصل مقصد ہوتا ہے، خیر یہ طریقہ تو پرانا ہوچکاہے۔


آجکل اس ٹرینڈ میں جو بدلاؤ آیا ہے وہ یہ کہ اچھے خاصے ہٹے کٹے حضرات،اچھی خاصی ڈریسنگ کئے اپنی بیوی اور بچوں سمیت شہر کی اہم شاہراہوں پر بیٹھے نظر آتے ہیں،اسکے علاوہ ایسا بھی دیکھا گیا ہے کہ اک شخص اپنی گود میں ننھے سے بچے کو لئے مسجد یامال کے باہر بیٹھا بھیک مانگتا نظر آتا ہے،یہ وہ حضرات ہیں جو بظا ہر ٹھیک ٹھاک نظر آتے ہیں اور کوئی چھوٹی موٹی نوکری کرکے اتنا کما سکتے ہیں کہ اپنا گھر چلا سکیں،لیکن اسکے بجائے وہ یہ طریقہ اپناتے ہیں۔

(جاری ہے)


ان حضرات نے اپنے بچوں کولوگوں کی توجہ حاصل کرنے کاحربہ بنایا ہوا ہے تاکہ صاحب استطاعت ان بچوں پر ہی ترس کھا کر ہاتھ میں کچھ رقم رکھ دیں،اس سب سے انکا تو فائدہ ہوجاتا ہے مگر انکے بچوں کو یہ ہی تربیت مل رہی ہے کہ پیسہ کمانے کا یہ طریقہ سب سے بہتر اور آسان ہے،جو کہ ہمارے معاشرے کے مستقبل کے لئے کوئی اچھی نوید نہیں۔
مذہب اسلام جہاں ایک طرف صدقہ اور خیرات کی بے پناہ تلقین کرتاہے وہیں دوسری طرف بے وجہ بھیک مانگنے کی سختی سے ممانعت بھی کرتا ہے۔

مجدد دین حضرت امام احمدرضا خان لکھتے ہیں کہ قوی،تندرست اور کمانے کے قابل شخص بھیک مانگے تو انہیں دینا گناہ ہے ،کیونکہ ان کا بھیک مانگنا حرام ہے۔اگر ہم انہیں بھیک دینگے تو حرام کام میں انکا ساتھ دینگے جسکی وجہ سے ہم گناہ گارہوتے ہیں۔
بھیک مانگنے کے اس ٹرینڈ کو اب طول دینے بجائے ختم کرنا ضروری ہے کیونکہ ان کی وجہ سے بہت سے ضرورتمند ،سفید پوش اور مستحق افراد تک لوگوں کی امداد نہیں پہنچ پاتی۔


اسلام بھی یہ ہی درس دیتا ہے کہ اپنی زکوة و خیرات کے لئے پہلے اپنے رشتہ داروں ،محلہ داروں اور جان پہچان کے افراد سے رجوع کریں۔
 اس ماہ مبارک میں آپ سب بھی کوشش کریں کو اپنی امداد ان افراد تک پہنچائیں جو واقعی مستحق ہیں،وہ سفیدپوش افراد جو اپنی ضروریات پورا کرنے کے لئے نہ تو بھیک مانگنے کے لئے سڑکوں کا رخ کرتے ہیں بلکہ کسی کے سامنے دست سوال دراز کرنے سے بھی ہچکچاتے ہیں۔
اللہ ہم سب کو بھلائی کی توفیق عطا فرمائے(آمین)۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :